خیبرایجنسی میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی پاک فوج کا سپاہی شہید ،آرمی چیف کا مادروطن کی حفاظت کیلئے قربانی دینے پر خراج تحسین،شہید سپاہی کی نماز جنازہ کو رہیڈکوارٹر زپشاور میں ادا،کورکمانڈر پشاور ،آئی جی ایف سی ،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور بڑی تعداد میں فوجی افسروں اور جوانوں کی شرکت

کمزور افغان سرحدی نظام کادہشتگردفائدہ اٹھاتے ہیں،افغان سرحد پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظررکھنے کی ضرورت ہے،آئی ایس پی آر

پیر 30 جنوری 2017 17:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء) خیبرایجنسی میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرایجنسی میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سپاہی زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل دہشتگردوں نے سرحد پار سے پاکستانی چوکی پر فائرنگ کی تھیجس کے نتیجے میں سپاہی وقاص جو سرحدی چوکی پر ڈیوٹی سرانجام دے رہاتھا زخمی ہوگیا تھا جسے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیاگیا تھا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادروطن کی حفاظت کیلئے سپاہی کی قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔شہید سپاہی کی نماز جنازہ کو رہیڈکوارٹر پشاور میں اداکردی گئی،کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ ،آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین مظہر محمود،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور اعلیٰ حکام سمیت بڑی تعداد میں فوجی افسروں اور جوانوں نے شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمزور افغان سرحدی نظام کادہشتگردفائدہ اٹھاتے ہیں،افغان سرحد پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظررکھنے کی ضرورت ہے۔…(خ م)