ایم کیوایم بندوق کے زور پر انتخابات جیتتی آئی ہے اب ایسا نہیں ہوگا، سینیٹر سعید غنی

آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی سے کامیابی حاصل کرے گی، ماڈل کالونی میں جلسہ سے خطاب

اتوار 29 جنوری 2017 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2017ء) پیپلز پارٹی کراچی کے جنرل سیکرٹری اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم بندوق کے زور پر انتخابات جیتتی آئی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی سے کامیابی حاصل کرے گی،وہ پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے تحت ماڈل کالونی میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر مسلم لیگ( ن )کے کارکنان و عہدیداران کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ،انھوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی میں جتنے انتخابات ہوئے وہ عوام کی ترجمانی نہیں کرتے تھے،انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم بندوق کے زور پر انتخابات جیتتی آئی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا،جہاں امن نہ ہو وہاں ترقی نہیں ہو سکتی یہ ہی کراچی کا المیہ رہا ہے،انھوں نے کہا کہ اگر کراچی کو ترقی یافتہ بنانا ہے، تو انتخابات میں سیاسی دہشت گردوں کا صفایا کرنا ہوگا،سعیدغنی نے کہا کہ جس دلیرانہ انداز سے بلاول بھٹو زرداری مسائل پر بات کرتے ہیں اور کوئی رہنما سوچ بھی نہیں سکتا،انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوکراچی کے تمام علاقوں میں مذید منظم کیا جائے گا ۔