جمہوری وطن پارٹی صوبے کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے،آئندہ عام انتخابات میں پارٹی صوبہ بھر سے امیدواروں کو کھڑا کرے گی، صوبائی نائب صدر میر جمال خان بگٹی

اتوار 29 جنوری 2017 21:50

سبی۔29جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2017ء)جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی نائب صدر میر جمال خان بگٹی نے کہا ہے کہ جمہوری وطن پارٹی صوبے کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے،پارٹی کو صوبے اور ملک میں نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی سربراہی میںمنظم و فعال بنایا جارہا ہے،آئندہ عام انتخابات میں پارٹی صوبہ بھر سے امیدواروں کو کھڑا کرے گی،جے ڈبلیو پی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ، مارچ میں ضلع سبی کا ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا۔

پارٹی میں سبی کی اہم سیاسی شخصیات شامل ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سبی میں جمہوری وطن پارٹی کی عبوری آرگنائزنگ کمیٹی اور دفتر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع سبی کی عبوری آرگنائزنگ کمیٹی کے ضلعی آرگنائزر سعید احمد بگٹی ،ڈپٹی آرگنائزر حاجی خان خجک کے ناموں کا اعلان کیا،اس موقع پر غازی خان بگٹی،آفتاب بوہڑ،سعید بلوچ،تاج محمد کھوسہ و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی پارلیمانی سیاست و جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی کی صوبہ بھر میں از سر نو تنظیم سازی کی جارہی ہے جس کے بعد پارٹی کو ایک مرتبہ پھر اسی مقام پر لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں پارٹی بھرپور حصہ لے گی اور صوبہ بھر سے امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سبی میں پارٹی کی عبوری آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ تین ماہ کے قلیل عرصہ میں یونٹ سازی مکمل کرنے کے بعد پارٹی کی باضابطہ طور پر تنظیم سازی بھی کی جائے گی جبکہ مارچ میں پارٹی ورکروں کا عظیم الشان ورکر کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا۔