پاکستان ریلوے نے امریکہ سے درآمد کردہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل انجنوں کو عملی طور پرمال برداری نظام میں شامل کرلیا

نئے انجن کے ذریعے ساہیوال میںیوسف والا پاور پلانٹ(کول پاور پلانٹ) کو کوئلہ کی ترسیل شروع کردی

اتوار 29 جنوری 2017 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2017ء) پاکستان ریلوے نے امریکہ سے درآمد کردہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل انجنوں کو عملی طور پرمال برداری نظام میں شامل کرلیا ہے اور نئے انجن کے ذریعے ساہیوال میںیوسف والا پاور پلانٹ(کول پاور پلانٹ) کو کوئلہ کی ترسیل شروع کردی ہے ۔اس سلسلے میں پہلی ٹرین اتوار کو کراچی سے روانہ ہوگئی جو آج(پیر) ساہیوال پہنچے گی ۔

اس ضمن میں ڈویژنل کمرشل آفیسر کراچی ناصر نذیر کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک سی7انجنوں پر مشتمل پہلی کھیپ گزشتہ ہفتے کراچی پہنچی تھی اور یہ انجن ساہیوال میں لگنے والے یوسف والا پاور پلانٹ کو کوئلے کی ترسیل کے لیے خریدے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلہ میں کراچی سے اتوار کی صبح ساڑھے بجے پہلی ٹرین 1500ٹن کوئلہ لے کر ساہیوال کے لیے روانہ ہوگئی ہے ، اس ٹرین میں 25بوگیاں لگائی گئی ہیں ایک بوگی میں 60ٹن کوئلہ رکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹرین اپناسفر 32گھنٹوں میں مکمل کرکے آج ساہیوال پہنچ جاے گی ۔انھوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر روزانہ کی بنیاد پر کراچی سے دو ٹرینیں کوئلہ کی ترسیل کے لیے چلیں گی اور مستقبل قریب میں یومیہ ٹرینوں کی تعداد5کردی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک سی4ہزار ہارس پاور کی55انجنوں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس کے تحت گزشتہ 7انجن پر مشتمل پہلی کھیپ کراچی پہنچی تھی اور اب ان انجنوں کو فلیٹ نظام میں استعمال کا آغاز ہوگیا ہے ۔