Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرکاری اراضی ہتھیانے کی کوشش نا کام بنانیوالے افسران کے اعزاز میں تقریب

سیاستدان ہویا سرکاری افسر جو کرپشن کرے گا ، قانون کی گرفت میں آئے گا اور سزا پائے گا،پنجاب حکومت کے اداروں نے 1200کنال سرکاری زمین فراڈ کے ذریعے ہتھیانے کی کوشش ناکام بنا کرشاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے،کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی ہتھیانے کی کوشش کرنیوالے تمام ملزمان قانون کی گرفت میں ہیں ،قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائینگے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کر کے کرپشن کرنے والے سرکاری افسران عہدوں پر رہنے کے نہیں بلکہ کڑی سزاکے حقدار ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

اتوار 29 جنوری 2017 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اداروں نے قصور میں 1200کنال سرکاری زمین فراڈ اوردھوکہ دہی کے ذریعے ہتھیانے کی کوشش ناکام بنا کرشاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے ،میںاینٹی کرپشن،پراسکیوشن اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اس بہترین کارکردگی پرمبارکباد دیتا ہوں۔

کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی ہتھیانے کی کوشش کرنیوالے تمام ملزمان قانون کی گرفت میں ہیں اوروہ قرارواقعی سزا سے کسی صورت بچ نہیں پائیں گے۔جنہوںنے بھی یہ گھناؤنی حرکت کی ہے، انہیں اپنے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔وہ اتوار کو ماڈل ٹاؤن میںقصور کے علاقے میں سرکاری اراضی ہتھیانے کی کوشش نا کام بنانے والے اینٹی کرپشن اورپراسکیوشن کے محکموں کے افسران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ، وزیراعلیٰ نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران میںنقد انعامات اورتعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابرہے،کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ سیاستدان ہویا سرکاری افسر جو کرپشن کرے گا وہ قانون کی گرفت میں آئے گا اور سزا پائے گا،اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کر کے کرپشن کرنے والے سرکاری افسران عہدوں پر رہنے کے نہیں بلکہ کڑی سزاکے حقدار ہیں۔بدقسمتی کی بات ہے کہ قوم کی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے خود کو باعزت بھی سمجھتے ہیں اورغریب قوم کے اربوں روپے کی خیانت بھی کرتے ہیں ۔

پنجاب حکومت کے اداروں نے کروڑوں روپے کی خیانت کرنے کی کوشش کرنیوالوں کو جس طرح قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کاوشیں کی ہیں، وہ سب کیلئے قابل تقلید مثال ہے ۔ادارو ںنے عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ سے ملزمان کی ضمانتیں خارج کرانے اورانہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے بڑی محنت سے کام کیا ہے ،جس پرمیں انہیںشاباش دیتا ہوں ۔فراڈ اوردھوکہ دہی سے لوٹے گئے وسائل آج قوم کو واپس لوٹائے جارہے ہیں۔

پنجاب حکومت کایہ ایک شاندار کام ہے جس کی بھر پور پذیرائی کی جانی چاہیے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جزااورسزا کے نظام سے ہی قومیں بنتی ہیں اورآگے بڑھتی ہیں ،جو قومیں اس اصول کو فراموش کردیتی ہیں وہ تنزلی کا شکار ہوتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت جزااور سزا کے کڑے نظام پر کاربندہے۔اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جبکہ ناقص کارکردگی پر بازپرس کی جاتی ہے ۔

میرا واضح پیغام ہے کہ جو بہترین کام کریںگے انہیں سر آنکھوں پر بٹھائیں گے جبکہ برا کام کرنے والوں کو سزا ملے گی۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کے اداروں نے قصور میں سرکاری زمین ہتھیانے کے کیس کی ساڑھے تین سال تک زبردست انداز میں پیروی کی اورنہ صرف ملوث ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کروائیں بلکہ انہیں قانون کی گرفت میں لانے میں بھی اپنا بھر پور کردارادا کیا ، اس ضمن میںچیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری قانون، سیکرٹری پراسکیوشن، ڈی جی اینٹی کرپشن،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اورپوری ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور یہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اوراسی مثال کو ہم نے اپنے لئے مشعل راہ بنا کر آگے بڑھنا ہے اور قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ جہاں 1200ایکڑ اراضی کا واگزار ہونا خوشی کی بات ہے وہاں یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ بھی ہے کہ کس طرح غریب قوم کے وسائل کو لوٹا جارہا ہے ۔اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے سوچنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے عزت دی ہے اوراس مقام پر بدترین کرپشن کر کے قانون کو چکر دینا انتہائی افسوسناک ہے،جنہوںنے کرپشن کی وہ قانون کے شکنجے میں ہیں۔متعلقہ افسران نے مقدمے کی بھر پور پیروی کی اورہمت نہیں ہاری، ان کی اس محنت کا نتیجہ ہے کہ یہ لوگ قانون کی گرفت میں آئے ہیں۔

عدالت عالیہ اورعدالت عظمیٰ کا بھی مشکور ہوں جنہوںنے میرٹ پر فیصلے دیئے۔یہ زمین قوم کی امانت ہے اورجن لوگوں نے اسے خردبرد کرنے کی کوشش کی ان کیخلاف قانون کے مطابق مقدمہ چلے گا اور انہیں اپنے کیے کی سزا ہرصورت ملے گی۔اداروں نے ہمت سے کام لیتے ہوئے کروڑوں روپے کی زمین کی خردبرد کی کوشش کو ناکام بنایا جو ہم سب کیلئے مثال ہے اورہمیں اسی مثال کو آگے لیکر چلنا ہے تاکہ ملک اورصوبے سے کرپشن کا مکمل خاتمہ ہو۔

انہوںنے کہا کہ زمین کو ہتھیانے سے بچایا گیا ہے اوراب اس زمین پر یقینا کاشتکاری ہوگی یا پھر غریب قوم کیلئے تعلیم اورصحت کی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے لگیں گے۔اداروں کی اجتماعی کاوش رنگ لائی ہے اورکروڑوں روپے کی مالیت کی زمین خردبردہونے سے بچی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اینٹی کرپشن ادارے نے شاندار کام کیا ہے تاہم اس ادارے کو اصلاحات کے ذریعے مزید بہتر سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

اس ادارے کی استعدادکار بڑھانے کیلئے مارکیٹ سے اچھا ٹیلنٹ شامل کیا جائے تاکہ صوبے سے کرپشن کا قلع قمع کیا جاسکے اورقومی وسائل کی لوٹ مار روکی جاسکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں شفافیت کی پالیسی اپنائی گئی ہے اورملک بھر میں لگنے والے انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ،توانائی، صحت،تعلیم اوردیگرمیگاپراجیکٹس شفافیت کے عکاس ہیں۔

جرمنی کے ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ بھی حکومت کی شفافیت کی اسی پالیسی کی گواہی دے رہی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کرپشن کے خاتمے کیلئے درجہ بندی میں بہتری آئی ہے اورجنوبی ایشیاء میں کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان چین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔پاکستان کے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے بھارت ،سری لنکا،افغانستان،ایران اوردیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئیے !ملکرملک قوم کی تقدیر بدلنے اورپاکستان میں ترقی و خوشحالی لانے کیلئے محنت سے کام کرنے کا وعدہ کریں۔ محنت،امانت اوردیانت کو شعار بناکرہی اپنی منزل حاصل کریں گے اور پاکستان کو قائدؒو اقبالؒکے تصورات کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ڈی جی اینٹی کرپشن، سیکرٹری پراسکیوشن اورپراسکیوٹر جنرل پنجاب نے بتایا کہ قصور میں1200کنال سرکاری زمین ہتھیانے کا فراڈ 2013ء میں ا س وقت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرعامر عقیق نے ریونیوبورڈ کے افسران ، بعض سیاستدانوںاوردیگر حکام کے ساتھ ملکر کیا اورپھر قانون کو دھوکہ دیتے رہے ۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس فراڈ میں ملوث تمام افراد کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ،جس پرکارروائی شروع کی گئی اورچند روز قبل عامرعقیق سمیت دیگر ملزمان کو سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیاگیااوران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیاگیا ہے ۔تقریب میں چیف سیکرٹری پنجاب ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،سیکرٹری پبلک پراسکیوشن،سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ،سیکرٹری اطلاعات،پراسکیوٹر جنرل پنجاب،ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات