وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائیونڈکااچانک دورہ

ناقص صفائی سخت ناراضگی کا اظہار،ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش،وارڈز میں بجلی کے بیک اپ ہیٹرز نہ ہونے پر شدید برہم میں نے یہ ہسپتال مریضوں کیلئے بنایا ہے، ایم ایس کیلئے نہیں، یونیورسٹی آف لاہور کو انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت ،شام کی شفٹ میں کنسلٹنٹ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے،ہسپتال میں خواتین اوربچوں کے علاج معالجے کیلئے سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف

اتوار 29 جنوری 2017 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اتوار کوبغیرپروٹوکول اوربغیر سکیورٹی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائیونڈکااچانک دورہ کیا۔ انتظامیہ بھی وزیراعلیٰ کے اچانک دورے سے مکمل طورپر لاعلم رہی۔وزیراعلیٰ بغیر کسی اطلاع کے اچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈ پہنچے اور ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اوران سے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے بعض جگہوں پر صفائی معیار کے مطابق نہ ہونے پر سخت ناراضگی کا اظہارکیا اورہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں سروسز فراہم کرنے والے ادارے یونیورسٹی آف لاہور کو ہدایت کی کہ انتظامات مزید بہتر بنائے جائیںاورمریضوں کو معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ شام کی شفٹ میں کنسلٹنٹ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شام کے وقت آنے والے مریضوں کو بھی بہترین علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہوسکیں۔وزیراعلیٰ نے وارڈز میں بجلی کے بیک اپ ہیٹرز نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیااور کہا کہ ایم ایس کے دفتر میں بجلی کا ہیٹرتو موجود ہے لیکن مریضوں کیلئے وارڈز میں ہیٹرزکانہ ہونا افسوسناک ہے ،میں نے یہ ہسپتال مریضوں کیلئے بنایا ہے، ایم ایس کیلئے نہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں ،نرسوں اوردیگر عملے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جذبے کے ساتھ کام کیا جائے اور آپ ایک انتہائی مقدس پیشے سے وابستہ ہیں۔آپ کے منصب کا تقاضا ہے کہ درددل کے ساتھ مریضوں سے پیش آیا جائے اورانہیں بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال میں خواتین اوربچوں کے علاج معالجے کیلئے سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گاتاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اوربچوں کو معیاری طبی سہولتیں میسر آسکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صفائی کے انتظامات اگرچہ بہتر ہیں لیکن اسے مزید بہتر بنانا ہوگا۔جب تک مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا نہیں ہوجاتا،ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا۔عوام کا اطمینان ہی میری کامیابی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جب کوئی مریض کہتا ہے کہ میرا علاج ٹھیک ہورہا ہے تو میرا خون بڑھ جاتا ہے ۔ میںنے ہسپتالوں کی صورتحال بدلنے کا تہیہ کرلیا ہے اوراس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک مریضوں کو ان کی توقعات کے مطابق علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر نہیں آجاتیں اوراس ضمن میںوسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے یہ ہسپتال مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں دینے کے لئے بنایا گیا ہے اورمیں کسی صورت قوم کے وسائل کو اس طرح ضائع نہیں ہونے دوں گا-وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف حصے دیکھے اوروہاں صفائی کے انتظامات ،ادویات کی فراہمی اورعلاج معالجے کی دیگرسہولتوں کا جائزہ لیا ۔مریضوں اوران کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال میںمفت ادویات کی فراہمی پراطمینان کااظہارکیا اوربتایا کہ ہمیں یہاں ہر طرح کی ادویات مل رہی ہیں اورواش رومز میں لیکویڈصابن بھی موجودہیں۔