’’میں‘‘ کی روش ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے ،پاکستان کو آگے لیکر جانے کیلئے ’’ہم ‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا،جو سیاسی عناصر ’’میں‘‘کی روش پر عمل پیرا ہیں وہ ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں، دھرنا گروپ کے ناکام سیاستدانوں اورکرپشن زدہ سابق حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی، ملک کی ترقی کے خلاف سازشیں کرنیوالوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں

ْ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی وزیراعظم کے سابق مشیر امیر بخش بھٹو سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 29 جنوری 2017 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے اتوار کو یہاں وزیراعظم کے سابق مشیر امیر بخش بھٹو نے ملاقات کی ،جس میںباہمی دلچسپی کے امور اورسیاسی معاملات پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا خواب پورا ہورہا ہے۔

پاکستان ہم سب کاہے اوراس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنا ہے ۔’’میں‘‘ کی روش ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے ۔جو سیاسی عناصر ’’میں‘‘کی روش پر عمل پیرا ہیں وہ ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں۔پاکستان کو آگے لیکر جانے کیلئے ’’ہم ‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ کے ناکام سیاستدانوں اورکرپشن زدہ سابق حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

(جاری ہے)

وسائل کی لوٹ مار اوردھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں نے عوام سے دشمنی کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی ترقی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔ عوام پاکستان کی ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران دھرنا گروپ نے بے بنیاد الزامات لگانے،بہتان تراشی اورجھوٹ بولنے کے سواکچھ نہیں کیا۔

قبضہ گروپوں اورقرضے معاف کرنے والوں کو ساتھ ملاکرتبدیلی کے بے بنیاد دعوے دفن ہوچکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے پاکستان کو امن اورترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور مخالفین کویہ ترقی ہضم نہیں ہورہی۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی کاایجنڈا ہر قیمت پر مکمل کریں گے۔