ملتان میٹرونے پاکستان کے پہلے’’ معذور دوست‘‘ ذریعہ سفر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا

اتوار 29 جنوری 2017 20:30

ملتان میٹرونے پاکستان کے پہلے’’ معذور دوست‘‘ ذریعہ سفر ہونے کا اعزاز ..

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2017ء) پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی ادارے نے معذور افراد کے لئے ذریعہ سفر میں سہولت فراہم کی ہے۔حال ہی میں متعارف ہونے والی ملتان میٹروبس سروس پہلا ذریعہ سفر ہے جہاں معذورافراد ویل چیئر سمیت بس کے اندر جارہے ہیں اوراس بس میںمعذور افراد کی ویل چیئرز کی جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔معذور افراد ریمپ کے ذریعے میٹرو اسٹیشن میں داخل ہوتے ہیں اور اس کے بعد ویل چیئرسمیت بس میں سوارہوجاتے ہیں۔

ملتان میں افتتاح کے بعد میٹروبس سروس کو جہاں طالب علموں ،خواتین ،ملازمت پیشہ افراد اور کم آمدنی والے طبقوں میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے وہیں معذور افراد کی بڑی تعداد بھی اس سفری سہولت سے استفادہ کررہی ہے۔ضلع ملتان میںمعذور افراد کی تنظیم سوسائٹی فار سپیشل پرسنزکے رجسٹرڈ معذوروں کی تعداد 17000سے زیادہ ہے اور ہزارو ں ایسے افراد بھی موجودہیں جو اب کسی ادارے یا تنظیم سے رجسٹریشن نہیں کراسکے۔

(جاری ہے)

میٹروملتان میں روزانہ یہ معذور افراد سفر کرتے ہیں اور ان میں سے بہت سے افراد ایسے ہیں جو مختلف اداروں میں ملازمت کرتے ہیں۔خصوصی افراد کی تنظیم سوسائٹی فارسپیشل پرسنز کی سربراہ زاہدہ حمید نے اے پی پی کوبتایا کہ معذور دوست ٹرانسپورٹ سروس کااعزاز صرف میٹروملتان کوحاصل ہوا ہے اورہمیں پہلی مرتبہ یہ احساس ہوا ہے کہ یہ معاشرہ ،ادارے اور حکومت ہمارے بارے میں بھی سوچتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو ریلوے ،بسوں اور ہو ائی جہاز سمیت کسی بھی ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران جن مشکلات اور اذیت کاسامنا کرناپڑتا ہے اس کا کوئی اندازہ ہی نہیں کرسکتا۔میٹروملتان میں سفر کے لئے ہمیں کسی سے مدد نہیں مانگنا پڑتی۔کسی کا سہارانہیں لینا پڑتا۔انہوںنے مزید بتایا کہ ہم یہ مطالبہ طویل عرصے سے کررہے تھے لیکن کبھی ہماری شنوائی نہیں ہوئی۔زکریایونیورسٹی میں ایم فل کے طالب علم فیاض نے کہاکہ میں اب میٹرو کے ذریعے یونیورسٹی جاتا ہوں اور میرے لیے تو یہ بہت بڑی سہولت ہے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ دیگر ٹرانسپورٹ سروسز اورریلوے حکام کوبھی چاہیے کہ وہ ہمیں ایسی ہی سہولتیں فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :