تارکین وطن کی انکے ملکوں میں واپسی تک مردم شماری نہ کرائی جائے،میر حاصل خان بزنجو

اتوار 29 جنوری 2017 16:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی انکے ملکوں کو واپسی تک مردم شماری نہ کرائی جائے دیگرقوم پرست سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر مردم شماری کے حوالے سے جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ،صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ ، ارکان اسمبلی حاجی اسلام بلوچ ، یاسمین لہڑی،مرکزی ترجمان جان بلیدی ،محراب مری ،ٹکری شفقت لانگو،نیاز بلوچ اور عطاء محمد بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ تارکین وطن کے حوالے سے ہمارا موقف روز اول سے واضح ہے اور 1980ء کی دہائی سے ہماری جماعت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی اکثریت کا یہ موقف رہا ہے کہ ملک میں موجود تارکین وطن چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں انکو انکے ملک واپس بھیجا جائے بلوچستان اور کے پی کے کی جماعتوں کا اب بھی مطالبہ ہے کہ تارکین وطن کی واپسی تک مردم شماری نہیں ہونی چاہئے اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ایک اے پی سی میں اپنا موقف واضح کیا ہے کہ تارکین وطن کی موجودگی میں کسی صورت مردم شماری نہیں ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تارکین وطن کے ساتھ ایک بڑا مسئلہ مزاحمت کے باعث پیدا شدہ صورتحال بھی ہے مکران ڈؤیژن سمیت آواران ،کوہلو،ڈیرہ بگٹی سمیت مختلف علاقوں سے بہت بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی کرچکے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ غیرملکی تارکین وطن کے قیام کی آخری تاریخ مارچ تک ہے اس وقت تک مردم شماری نہیں ہونی چاہئے اس سلسلے میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی صوبے کی سیاسی جماعتوں کا جرگہ بھی بلا رہے ہیں جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی مردم شماری کے حوالے سے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کریگی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔