وزیراعظم محمد نواز شریف کی توجہ فلمی صنعت کی بحالی اور ترقی پر مرکوز ہے، حکومت نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی اور استحکام کیلئے بھارتی فلموں کی نمائش کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد موجودہ پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب

ہفتہ 28 جنوری 2017 23:30

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2017ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی توجہ فلمی صنعت کی بحالی اور ترقی پر مرکوز ہے اور حکومت نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی اور استحکام کیلئے بھارتی فلموں کی نمائش کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد موجودہ پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے بیان میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس نے صورتحال کے جائزہ کیلئے نامور فنکاروں ، پروڈیوسرز اور نمائش کنند گان سمیت تمام فریقین کو دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء سے اب تک کے جائزہ سے اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ مقامی سینمائوں میں بھارتی فلموں سمیت غیر ملکی مواد کی نمائش کے پاکستانی فلمی صنعت اور انڈسٹری کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے منصوبوں خصوصاً سینما مالکان اور نمائش کنندگان کی مقامی فلمیں بنانے میں سرمایہ کاری کا بھی جائزہ لیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ 2007ء میں ملک میں بھارتی فلموں کی نمائش کی بحالی کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری بحالی اور ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سینمائوں میں دیگر غیر ملکی فلموں کی نمائش کے ذریعے مقامی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے علاوہ ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کیلئے ایک پالیسی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے سنٹرل بورڈ آف فلم سنسرز کے ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ مقامی سینمائوں میں غیر ملکی فلموں کی نمائش کیلئے موجودہ سنسر شپ میکنزم کا مزید جائزہ لیا جائے۔ کمیٹی نے مقامی مارکیٹ میں غیر ملکی فلموں کی غیر سنسر شدہ سی ڈیز کی فروخت و خریداری پر بھی غور کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے مقامی پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ انڈسٹری کو مراعات کیلئے پالیسیاں متعارف کرانے کی بھی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ انڈسٹری میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی اور طریقوں کا مکمل جائزہ لیا گیا ہے تاکہ انہیں پاکستان میں متعارف کرایا جاسکے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات،نشریات و قومی ورثہ نے پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فریقین کے ساتھ آئندہ ماہ مشاورتی اجلاس کی منصوبہ بندی کی ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کمیٹی کی سربراہ جبکہ دیگر ارکان میں وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی، سیکرٹری صنعت و تجارت، چئیرمین سی بی ایف سی، آئی ایس آئی کا نمائندہ اور پاکستان فلمز ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر شامل تھے۔