صدر پاک سرزمین پارٹی انیس احمد قائم خانی کا تبت سینٹر کا دورہ

جس مقصد کیلئے کارکنان محنت اور لگن کے ساتھ یہ کام کررہے ہیں وہ بہت بڑا کام ہے، صدر پی ایس پی جلسہ مصطفی کمال کو وزیر اعظم بنانے کیلئے نہیں بلکہ غربت اور مسائل کی چکی میں پستی ہوئی عوام کو انکے جائز و حقیقی وسائل دلوانے کیلئے ہے، انیس قائم خانی

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:49

صدر پاک سرزمین پارٹی انیس احمد قائم خانی کا تبت سینٹر کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے زیر اہتمام کل بروز اتوار ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں پاک سرزمین پارٹی کی مرکزی قیادت ہفتہ کے روز سے جلسہ گاہ میں موجود ہے اور جلسے کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں، ہفتے کی شب صدر پاک سرزمین پارٹی انیس قائم خانی نے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انیس قائم خانی نے کارکنان و جلسہ گاہ میں موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جس مقصد کیلئے یہ کام کررہے ہیں وہ بہت بڑا کام ہے اور اس نیک مقصد کیلئے آپ کی محنت ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی، انہوں نے کہا کہ اگر ایک ماں کے بچے کو صحیح راہ پر لے آئے تو اس بڑا کام نہیں ہے، ہماری قوم کے لوگ پڑھے لکھے، باشعور اور تہذیب یافتہ سمجھے جاتے تھے آج را کے ایجنٹ ہونے کا طعنہ ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی واحد جماعت ہے جس میں آنے کیلئے لوگ اپنی آسائشیں اور سیٹوں کی قربانی دیتے ہیں اور پھر ہماری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیتے ہیں، اس موقع پر انیس قائم خانی نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ مصطفی کمال کو وزیر اعظم بنانے کیلئے نہیں بلکہ غربت اور مسائل کی چکی میں پستی ہوئی عوام کو ان․ کے جائز و حقیقی وسائل دلوانے کی․ جدوجہد ہے، کراچی کے عوام اپنی زندگی کے صرف چند گھنٹے 29جنوری کے دن تبت سینٹر پر پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے لگائی جانے والی عوامی عدالت کو دیں ہم عوامی مینڈیٹ کے ساتھ حکمرانوں کو اپنے مسائل کو حل کرنے کیلئے مجبور کریں گے اور ان سے اپنا حقوق لے کر رہیں گے۔