گزشتہ حکومت کا 8 سال کا بگاڑ ہے اسے ہم صحیح کر رہے ہیں ، نالے صاف ہوجاتے تو آج میں یہاں نہ کھڑا ہوتا ، میئر کراچی وسیم اختر

پیسے دے کر ذمہ داری ختم نہیں ہوتی ، بیانات دینے سے مسئلے حل نہیں ہوں گے کراچی کی سڑکیں ، اسکول، اسپتال اور ادارے تباہ ہوچکے ہیں

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:49

گزشتہ حکومت کا 8 سال کا بگاڑ ہے اسے ہم صحیح کر رہے ہیں ، نالے صاف ہوجاتے ..
․کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کا 8 سال کا بگاڑ ہے اسے ہم صحیح کر رہے ہیں ، نالے صاف ہوجاتے تو آج میں یہاں نہ کھڑا ہوتا، پیسے دے کر ذمہ داری ختم نہیں ہوتی ، بیانات دینے سے مسئلے حل نہیں ہوں گے کراچی کی سڑکیں ، اسکول، اسپتال اور ادارے تباہ ہوچکے ہیں ہم آہستہ آہستہ ان کو ٹھیک کریں گے کراچی کے لوگ سب سمجھتے ہیں یہ بات انہوں نے ہجرت کالونی پی آئی ڈی سی نالے کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز سمیع خان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ ہم نے سو روزہ صفائی مہم میں کچھ یوسیز کو منتخب کیا تھا جہاں کام ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ لوگ نالوں میں کچرا نہ ڈالیں ، پی آئی ڈی سی کے نالے کے اطراف دیواریں اور کچر اکنڈی بنائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں600 ارب روپے جاری ہوئے وہ سب کہاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ کو ہمارے ساتھ سڑکوں پر آنا ہوگا تاکہ مسائل کو اپنی نظروں سے دیکھ سکیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی پر کچھ خرچ نہیں ہو رہا، صرف بیانات دیئے جا رہے ہیں اس سے نہ کبھی مسئلے حل ہوئے ہیں نہ آئندہ ہوں گے ، جس طرح منتخب بلدیاتی قیادت سڑکوں پر موجود ہے اور فنڈز نہ ہونے کے باوجود کام کر رہی ہے اسی طرح حکومت کو سڑکوں پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ کراچی میں اگر 8 سال کام ہوا ہوتا تو میں اس وقت نالوں کے دورے نہیں کر رہا ہوتا بلکہ دیگر ممالک کے دوروں پر ہوتا ، کراچی میں کام کے لئے مجھے فنڈز دیں اور جو لوگ تنقید کر رہے ہیں میرے ساتھ سڑک پر آکر کھڑے ہوں اور پھر نتائج دیکھیں، وزیراعلیٰ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں ، بااختیار ہیں اور وہ کراچی کے مسائل کو حل کرسکتے ہیں، کراچی میرا شہر ہے لیکن مسائل حل کرنے کے لئے میرے پاس نہ اختیارات ہیں اور نہ ہی فنڈز دیئے جارہے ہیں،بلدیاتی مسائل حل کرنے کے لئے بجٹ جاری کئے جارہے ہیں لیکن یہ کہاں جا رہے ہیں مجھ سمیت کسی کو نہیں معلوم، انہوں نے کہا کہ سیاسی بیانات سے گریز کرنا چاہئے، کراچی کو سیاسی بیانات کی نہیں بلکہ کام کی ضرورت ہے کراچی کے شہری مشکلات سے دو چار ہیں، انہوں نے ووٹ کے ذریعے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اتریں گے کیونکہ یہ لوگ اب اپنے مسائل کے حل کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ میں اپنے منتخب ساتھیوں کے ساتھ کراچی کی خدمت کا عزم لے کر کام کررہا ہوں اور شہریوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، انشاء اللہ کراچی کے بلدیاتی مسائل حل کرکے ہی دم لیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے جذبے لامحدود ہیں اور ہم سیاست کے بجائے کام پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی شہریوں کو مایوس نہیں کیا اور آئندہ بھی نہیں کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود شہریوں کی شکایات بھی سنیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :