وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،ہیلتھ کیئر سسٹم کے اصلاحاتی پروگرام پر تیزرفتاری سے پیش رفت پر اتفاق، ترکی کا ہیلتھ کیئر سسٹم بہترین نظام ہے جس سے مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ،نئے ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے سرکاری زمین کی نشاندہی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں،شہبازشریف

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:38

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،ہیلتھ کیئر سسٹم کے اصلاحاتی پروگرام پر ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میںترکی کی وزرات صحت کے تعاون سے پنجاب ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیااورہیلتھ کیئر سسٹم کے اصلاحاتی پروگرام پر تیزرفتاری سے پیش رفت پر اتفاق ہوا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

ترکی کا ہیلتھ کیئر سسٹم بہترین نظام ہے جس سے مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ترکی کے تعاون سے میڈیسن سپلائی چین مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ پنجاب میںپبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت نئے ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے ترکی کے ماڈل کا جائزہ لیا جائیگااورنئے ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے سرکاری زمین کی نشاندہی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے دوست ملک ترکی کا ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں تعاون نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں عام آدمی کو بہترین علاج معالجہ ملنا اس کا حق ہے اورمیں عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعظم کے قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام کو پورے صوبے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت نے صحت کے شعبہ میں جامع اصلاحاتی پروگرام پر عملدر آمد شروع کردیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ادویات کے نمونے ترکی کی لیبارٹریوں سے چیک کروائے جائیں گے۔ترکی کی جانب سے نرسوں کی تربیت پر ان کے شکرگزار ہیں ۔دکھی انسانیت کی خدمت عظیم مقصد ہے اورہمیں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر آگے بڑھنا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و بین الاقوامی امور ڈاکٹر اونر گنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ویژن کے مطابق شعبہ صحت میں اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے عملدر آمد کریں گے اور ترکی اس حوالے سے اپنے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

ترک وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و بین الاقوامی امور ڈاکٹر اونر گنر اور ترکی کے شعبہ صحت کے ماہر ڈاکٹر حسن کاگل نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صحت اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کمشنر آفس گوجرانوالہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :