مسلم لیگ ن 2018ء کے عام انتخابات میں سندھ میں حکومت بنائے گی ، نہال ہاشمی

شکریہ نواز شریف ریلی میں کراچی کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ثابت کردیا وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں، ریلی سے خطاب

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:28

مسلم لیگ ن 2018ء کے عام انتخابات میں سندھ میں حکومت بنائے گی ، نہال ہاشمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کہیں موجود نہیں ہے ، اگر ہوتی تو پھر وفاقی حکومت کو کراچی کے لئے گرین بس، میٹرو بس، اور سرکلر ریلوے کے تحفے دینے کی ضرورت پیش نہ آتی، مسلم لیگ ن 2018ء کے عام انتخابات میں سندھ میں حکومت بنائے گی ، شکریہ نواز شریف ریلی میں کراچی کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ثابت کردیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو نارتھ کراچی پاور ہائوس سے گرومندر تک نکالی جانے والی شکریہ نواز شریف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی کے شرکاء سے مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان اسد عثمانی، خالد ممتاز، راہد علی شاہ،نثار احمد، اور دیگر نے بھی خطاب کیا، شکریہ نواز شریف ریلی جس میں بڑی تعداد میں مسلم لیگ ن کے مرد اور خواتین کارکنوں اور عوام نے شرکت کی ریلی کے شرکاء جو ہاتھوں میہں قومی پرچم ، اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وہ کاروں، ٹرکوں ، بسوں، اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، ریلی پر امن طور نارتھ کراچی، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر علاقوں سے ہوتی ہوئی گرو مند پہنچی تھی، سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم نے تو ریلی نکالی تھی لیکن یہ ریلا بن گیا، کراچی کے عوام نے مسلم لیگ ن کی ریلی کو بھر پور پزیرائی دی ہے، میں وزیر اعظم نواز شریف سے درخواست کروں گا کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے مزید پیکیجیز کا اعلان کریں، اس لئے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا کہیں وجود نظر نہیں آرہا ہے ، کراچی شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے،اور اس شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انھوںنے کہا کہ دھرنا دینے والے سن لیں کہ اگر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو انھیں سڑکوں پر گھسیٹا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کا اعتماد پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت سے اٹھ چکا ہے،وزیرا عظم نواز شریف نے کراچی کے عوام امن دیا ہے اور آج کراچی شہر امن کا گہوارہ بن چکا ہے،جو کا م سندھ حکومت کو کرنے تھے وہ وفاقی حکومت کر رہی ہے۔مسلم لیگ ن سندھ کے ترجمان اسد عثمانی نے کہا کہ جو لوگ خود کراچی کا وارث کہتے ہیں وہ دیکھ لیں کہ کراچی کے عوام وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہیںاتنی بڑی ریلی کو وہ سوچ بھی نہیں سکتے،جن لوگوں نے ابائو اجداد نے مسلم لیگ سے اپنی سیاست کا آغاز کیا تھا آج ان کی نسلیں بھی مسلم لیگ کے ساتھ کھڑی ہیں۔