Live Updates

عمران خان صرف خوابوں اور خیالوں میں نواز شریف کا مقابلہ کر سکتے ہیں، نواز شریف سے مقابلہ کرنے کیلئے نواز شریف جیسا اخلاق پیدا کرنا، وضع دار بننا اور تین دفعہ وزیراعظم منتخب ہونا پڑیگا،محمد نواز شریف قوم کی خدمت اور فلاح کی سیاست کرتے ہیں، خان صاحب! آپ صرف جھوٹ اور انتشار کی سیاست کر تے ہیں، دن میں چوبیس گھنٹے جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے والاشخص ناکام ہو گا،وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2017ء) وزیرمملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صرف خوابوں اور خیالوں میں نواز شریف کا مقابلہ کر سکتے ہیں،نواز شریف سے مقابلہ کرنے کیلئے نواز شریف جیسا اخلاق پیدا کرنا اور وضع دار بننا پڑے گا اور نوازشریف سے مقابلے کیلئے تین دفعہ وزیراعظم منتخب ہونا پڑیگا، محمد نواز شریف قوم کی خدمت اور فلاح کی سیاست کرتے ہیں، خان صاحب! آپ صرف جھوٹ اور انتشار کی سیاست کر تے ہیں۔

ہفتہ کو تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے خطاب کے ردعمل میں وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف سے مقابلے کیلئے عوام کا ووٹ اور دعائیں لینا پڑیں گی اور پاکستان سے محبت اور عوام کی خدمت کرنا پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب زندگی مقابلے اور جدوجہد کانام ہے مگر جھوٹ کے مقابلے کا نہیں، آپ نے آج خیبرپختونخوا میں سپورٹس ، صحت اور تعلیم پر بھی جھوٹ بولا، آپ نے صحیح کہا کہ پرویز خٹک اور شہباز شریف کا کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ پچھلے ڈیڑھ سال میں شہباز شریف نے ہرضلع میں کھیلوں کے میدان بنائے ہیں اور پنجاب میں ہر ضلع میں یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان آباد ہیں جبکہ آپ آج یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے گراؤنڈبنانے کی پالیسی مرتب کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں پورا تعلیمی نصاب آن لائن کر دیا ہے اور پچپن ہزار سکولوں میں نظام تعلیم اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا۔ وزیر مملکت نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تعلیم ،صحت اورکھیل کے شعبوں میں مدد کیلئے شہبازشریف سے رجوع کرلیں اور وزیراعظم تعلیمی اصلاحاتی پروگرام اورہیلتھ کیئرپروگرام پر مریم نواز سے مدد لیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں کسی بھی ہسپتال میں نیا کمرہ،کسی سکول میں کلاس روم اور کسی شہر میں نیا کھیل کا میدان دکھا دیں، خان صاحب! آپ کو کرکٹر پاکستان نے بنایا انگلستان نے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے وطن اور وطن کے لوگوں سے محبت کا جذبہ پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عمران خان کو خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے کا موقع دیا لیکن آپ نے وہ بھی ضائع کر دیا، دن میں چوبیس گھنٹے جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے والاشخص ناکام ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات