گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

گیس کی قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 28 جنوری 2017 21:06

گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حالیہ 36فیصدگیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے اس پالیسی پر حکمران طبقہ کو غور کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام تنظیمی تربیتی ورکشاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ گیس کی قیمتوں میںاضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہو گیا ہے لہٰذا ان قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ برآمدی اہداف پورے کرنے کے لیے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث انڈسٹریز کی پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے ، مہنگی اشیاء کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں مسلسل کمی کے باعث ملکی برآمدات میں تیزی سے کمی اور تجارتی خسارہ بڑھتاجا رہا ہے ایک طرف بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے جبکہ دوسری طرف حالیہ گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ عوامی پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمرانوں کوحالیہ گیس کی قیمتوں میں نمایا ں کمی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنانا چاہیے اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے ورگرنہ عوامی احتجاج کے باعث حکمرانوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔