قطری شہزادے کے خطوط کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے‘ ولید اقبال

ْحکمران جماعت کے حواری اسمبلیوں میں بھی مارپیٹ پر اترآئے ہیں‘ صدر پی ٹی آئی اربن لاہور

ہفتہ 28 جنوری 2017 21:06

قطری شہزادے کے خطوط کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے‘ ولید اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور اربن کے صدر ولید اقبال کا کہنا ہے کہ قطری شہزادے کے خطوط کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہونیوالا ہے، حکمران جماعت کے حواری اسمبلیوں میں بھی مارپیٹ پر اترآئے ہیں،عوام کا خون چوسنے والے سپریم کورٹ میں کھل کر سامنے آگئے، کروڑوں کے تحائف گھرمیں ایسے بانٹے جارہے ہیں جیسے ساری خدائی شریف خاندان کے حالات سدھارنے میں ہی مصروف ہے۔

یہ باتیں انہوںنے این اے 124کی یوسی 138اور142میں تحریک انصاف کے دفاتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں اور اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر میاں حماد اظہر، طارق حمید پی پی ،عاطف چوہدری، نعیم الحق، احمد طحہ، رخسانہ نوید، نسیم زہرہ، فاطمہ چدھڑ، ملک عثمان حمزہ، اویس یونس اور طاہر رشید چوہدری سمیت دیگر رہنما اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ولید اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کے لٹیروں کو عدالت میں بے نقاب کردیا، اب پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ کی طرف مرکوز ہیں، لیکن لیگی وزراء اور اراکین کے ذریعے عدالتوں کو کھلے عام دھمکیاں دی جارہی ہیں اس معاملے میں پنجاب کے لیگی سرفہرست ہیں۔ ولید اقبال نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس کرپشن کا اتنا پیسہ موجود ہے کہ اس کو چھپانے کیلئے دلائل بھی ان کو نہیں مل رہے، قطری خط پر پہلے ہی قوم شکوک و شہبات میں مبتلا ہوگئی تھی رہی سہی کسر دوسرے خط سے پوری ہوگئی اب سب جان گئے کہ قطری خط دراصل ایک ڈرامہ ہیں اورسارا معاملہ کرپشن کو چھپانے کیلئے ہے۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کرکے ثابت کردیا کہ ہمارا کسی کرپٹ، بے ایمان اور ملک لوٹنے والے سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں تحریک انصاف کی تیزی سے مقبولیت کے باعث دفاترکا قیام ناگزیر ہوگیا تھا انشاء اللہ رابطہ عوام مزید مضبوط ہوگا۔

متعلقہ عنوان :