صدر آزاد کشمیر سر دارمسعود خان سے جنرل حمید گل مرحوم کے صاحبزادے عبداللہ گل اور دفاعی تجزیہ نگار ائر چیف مارشل (ر) فرحت حسین کی ملاقات ‘ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی ، سی پیک ، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 28 جنوری 2017 15:22

صدر آزاد کشمیر سر دارمسعود خان سے جنرل حمید گل مرحوم کے صاحبزادے عبداللہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جنوری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سر دار محمد مسعود خان سے جنرل حمید گل مرحوم کے صاحبزادے اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت محمد عبداللہ گل اور دفاعی تجزیہ نگار ائر چیف مارشل (ر) فرحت حسین کی ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی ، سی پیک ، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر آزاد کشمیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے گزشتہ چھ ماہ سے مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے ۔ ہزاروں نوجوان پابند سلاسل ہیں ۔ کالے قوانین کی آڑ لے کر پر امن احتجاج کرنے والوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہزاروں افراد لاپتہ ہیں۔ حریت قائدین محبوس اور مقید ہیں۔ 20 ہزار افراد زخمی اور لگ بھگ ایک ہزار نوجوان لڑکے لڑکیاں بصارت سے محروم کر دیئے گئے ہیں۔

بھارت نے جنگی حربے کے طور پر نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر اندھا کیا ہے ۔ اس کی دنیا کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ عالمی طاقتیں بھارت سے وابستہ معاشی اور تجارتی مفادات کی وجہ سے ان مظالم پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ جو افسوسناک ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر دو طرفہ مذاکرات وقت کے زیاں کے سوا کچھ نہیں۔

ہمیں اب مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اٹھانا ہو گا ۔ شملہ معاہدے کے تحت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوئی پابندی نہیں ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیر اعظم فاروق حیدر کی حکومت کی ترجیحات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس اور ریاست کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ سی پیک کو آزاد کشمیر تک توسیع دے دی گئی ہے ۔

جس کے تحت مانسہرے سے مظفرآباد اور وہاں سے میرپورر تک موٹروے تعمیر ہو گی ۔ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع اس سے منسلک ہوں گے ۔ بھمبر میں صنعتی زون بنے گا ۔ جس سے آزاد کشمیر کی معیشت مستحکم ہو گی ۔ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ توانائی کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ امید ہے دو سال کے اندر آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ شاہرات کی بہتری ، مرمت اور پختگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ہر حلقے میں ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت سے عوامی اہمیت کے حامل منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔