یمن میں قحط کا خطرہ، ہر دس منٹ بعد ایک بچے کی موت واقع ہورہی ہے،اقوام متحدہ

20 لاکھ افراد کو زندہ رہنے کے لیے خوراک کی اشد ضرورت،عرب اتحادنوفلائی زون فوری ختم کرے،سٹیفن اوبرین

ہفتہ 28 جنوری 2017 11:53

یمن میں قحط کا خطرہ، ہر دس منٹ بعد ایک بچے کی موت واقع ہورہی ہے،اقوام ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہاہے کہ جنگ زدہ اور خوراک کے بحران کا شکار یمن رواں سال قحط کا شکار ہوسکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوارڈینیٹر سٹیفن او برین نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ 20 لاکھ افراد کو زندہ رہنے کے لیے خوراک کی اشد ضرورت ہے اور بچوں میں غذائی کمی کی شرح ایک سال میں 63 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر دس منٹ کے بعد پانچ سال سے کم عمر ایک بچہ ان وجوہات کی بنا پر موت کے منہ میں جا رہا ہے جن سے بچاؤ ممکن ہے۔شدید غربت، جنگ اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحاد کی جانب سے بحری پابندیوں نے خوراک کی فراہمی کو شدید متاثر کیا ہے۔یمن میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے جن میں 22 لاکھ بچے شامل ہیں جبکہ 50 ہزار کے قریب بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

سٹیفن اوبرین نے امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر مغربی ممالک کے حمایت یافتہ سعودی اتحاد سے مطالبہ کیا ہے کہ نو فلائی زون کو ختم کریں اور صنعا کا ہوائی اڈہ دوبارہ کھولیں تاکہ جان بچانے والی ادویات پہنچائی جاسکیں اور 20 ہزار یمنیوں کو بیرون ملک خصوصی طبی علاج معالجہ فراہم کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھاکہ اس ناکہ بندی سے عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔یمن میں اقوام متحدہ کے ہیومینٹیرین کواڈینیٹر جیمی مک گولڈریک نے بتایا کہ لوگوں میں مایوسی ہے اور اندازا تین ماہ کے لیے گندم موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ جہاں کہیں بھی جائیں، آپ کو بڑی تعداد میں گلیوں میں لوگ بھیک مانگتے ملیں گے، آپ دیکھیں کہ لوگ زندہ رہنے کے لیے گندگی میں سے بھی چیزیں تلاش کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :