پانامہ کیس میں کسی بڑی شخصیت کو سزا ہو گئی تو لٹیروں کے کلب سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی ‘سراج الحق

حکومت اور اپوزیشن میں چند خاندانوں کے لوگ ہیں جنہوں نی70 سال سے ملکی اقتدار پر قبضہ کر رکھاہے اور ہر الیکشن میں عوام کو دھوکہ دینے کے لیے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھا لیتے ہیں‘امیر جماعت اسلامی

جمعہ 27 جنوری 2017 23:26

پانامہ کیس میں کسی بڑی شخصیت کو سزا ہو گئی تو لٹیروں کے کلب سے ہمیشہ ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک کو لوٹنے والوں کی پشت پر عالمی اسٹیبلشمنٹ ہے جس نے پاکستان پر اپنے زرخرید غلاموں کے ذریعے قبضہ کر رکھاہے اور وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو، پانامہ کیس میں کسی بڑی شخصیت کو سزا ہو گئی تو لٹیروں کے کلب سے ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی ، حکومت اور اپوزیشن میں چند خاندانوں کے لوگ ہیں جنہوں نی70 سال سے ملکی اقتدار پر قبضہ کر رکھاہے اور ہر الیکشن میں عوام کو دھوکہ دینے کے لیے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھا لیتے ہیں، اس کرپٹ ٹولے نے اداروں کو یرغمال بنا کر پارلیمنٹ پر قبضہ کر رکھاہے اور تمام ادارے او رپارلیمنٹ ان کے ہاتھوں بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کسی میں یہ جرأت نہیں کہ اپنے خلاف فیصلہ آنے پر سپریم کورٹ پر حملہ کرے ۔ عوام عدلیہ کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کردیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پانامہ کیس کے حوالے سے ہم عدالتوں سے پرامید ہیں ۔

سرکاری وکیل روزانہ نئی نئی کہانیاں سنارہے ہیں انہیں پتہ نہیں ہوتاکہ کیس کی ابتدا کیاہے اور انتہا کیا۔ وہ حکمران خاندان کو بچانے کے لیے نت نئے ثبوت لارہے ہیں مگر ان کی کوئی کوشش کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دیتی اس لیے کہ حکومتی کیمپوں میں مایوسی کے بادل چھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمار ا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ چور حکومت میں ہویا اپوزیشن میں اسے احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

کچھ لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ سب کے احتساب کا مطالبہ چھوڑ دیں ،مگر ایسا نہیں ہوسکتا ۔ جس نے بھی ملک کو لوٹا اور کرپشن کی ہے ، اس کا احتساب ہو کر رہے گا اور لٹیروں کولوٹی دولت واپس کرنا پڑے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایک خاندان کی سیکورٹی پر اربوں روپے خرچ ہورہے ہیں اور دوسری طرف عوام کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ۔ لاہور کے ہسپتال کے فرش پر ایڑیاں رگڑ تے بوڑھی خاتون دم توڑ دیتی ہے مگر اس کے لیے ایک بیڈ کا انتظام نہیں ہوتا ، دو کروڑ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں اور ورکشاپوں اور ہوٹلوں میں کام کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمرانوں کے شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ پر قوم کے اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں ۔

یہ خود کو کوہ نور ہیرا سمجھتے ہیں اور بلٹ پروف گاڑیوں کے سکواڈ میں سفرکرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلاموں کی اولاد ہیں جنہوں نے اقتدار پر قبضہ کر کے پاکستان کو دولخت کیا اور اب قرضوں کے انبار لے کر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا رہے ہیں ۔ یہ سرمائے کی بنا پر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوتے ہیں اور پھر عالمی اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پرناچتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ان کا قبلہ مکہ مکرمہ نہیں امریکہ اور لندن ہے اور یہ قوم کو بھی اسی عالمی سامراج کا غلام بناناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والے 20 کروڑ عاشقان مصطفیٰؐ پاکستان میں نظام مصطفیٰؐ کا نفاذ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ طبقائی اور استحصالی نظام سے نجات کے لیے عوام آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔