مستقبل کی ضروریات کے تناظرمیں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ‘حکومت ملک کو درپیش مسائل پر کامیابی سے پر قابو پانے کے لئے تمام ترصلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،حکومت و ژن 2025اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہے،وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا قومی واٹر پالیسی فریم ورک کے حوالے سے تجاویز پر مشتمل رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب

جمعہ 27 جنوری 2017 23:26

مستقبل کی ضروریات کے تناظرمیں  پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے موثر حکمت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مستقبل کی ضروریات کے تناظرمیں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ‘حکومت ملک کو درپیش مسائل پر کامیابی سے پر قابو پانے کے لئے تمام ترصلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘حکومت و ژن 2025اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔

وہ جمعہ کویہاں حصار فائونڈیشن کے زیر اہتمام قومی واٹر پالیسی فریم ورک کے حوالے سے تجاویز پر مشتمل رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔وزیر مملکت نے کہاکہ پاکستانی پارلیمنٹ ایشیاء کی پہلی پارلیمنٹ ہے جسے شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ، ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ایس ڈی جیز ٹاسک فورس صاف پانی،ایڈز اور دیگر شعبوں میں کام کررہی ہے‘ترقی کے اہداف کے حصول میں پارلیمنٹ کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موسمیاتی تغیرات سے متعلق امور پر بھی کام ہورہا ہے جبکہ پارلیمنٹ کو آبادی کے بڑھتے ہوئے مسائل کا بھی ادراک ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان تمام چینلجز سے اکیلی نہیں نمٹ سکتی ‘اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کر دار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ کسی بھی معاملے میں اراکین پارلیمنٹ کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں ‘تنقید برائے تنقید کی بجائے تعمیری تنقید سے امور درست سمت پر چلنے شروع ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر رواں سال مردم شماری کا انعقاد ہو رہا ہے‘ اس سے آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ نے غذائی قلت پر کامیاب کانفرنس کا انعقاد کرایا تھا ‘جس کے بعد فروری یا مارچ میں آبادی سے متعلق کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سول سوسائٹی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے بامعنی پروگرام کے انعقاد پر حصار فاؤنڈیشن ، سیما طاہر خان اور پورے تھنک ٹینک کو مبارکباددی ۔ وزیر مملکت مریم اور اونگزیب نے کہا کہ حصار فاؤنڈیشن اپنے تحقیقی کام میں پارلیمنٹ سے بھی تعاون لے سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :