عوام نے ارکان کو صوبے کے تمام لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایوان میں بھیجا ہے،انجینئر زمرک خان اچکزئی

جمعہ 27 جنوری 2017 23:11

کوئٹہ۔27جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) صوبائی اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر ایم پی اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کی زیرصدارت جمعہ کو صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبران قائمہ کمیٹی صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضامحمد بڑیچ، صوبائی مشیر انڈسٹریز سردار درمحمد ناصر، ممبر صوبائی اسمبلی عبدالکریم نوشیروانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین قائمہ کمیٹی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ چند ٹھیکیداروں کی طرف سے اخبارات میں اشتہار کے ذریعے معزز ایوان کے اراکین کے خلاف کرپشن کے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر ان کا استحقاق مجروح کیا گیا۔ معزز اراکین اسمبلی کو پورے بلوچستان کے عوام نے منتخب کرکے صوبے کے تمام لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اس ایوان میں بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

ٹھیکیداروں کو چاہیئے کہ جو بھی رکن اسمبلی، ایگزیکٹیو انجینئر، آفیسر کرپشن کی مد میں رقم طلب کرتے ہیں وہ ان کا برملا نام لے کر بتائیں تاکہ دوسرے افراد اس طرح کے بے بنیاد الزامات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انجینئر زمرک اچکزئی نے ٹھیکیداروں کے وفد سے مخاطب ہوکر کہا کہ الزام لگانا اس معاشرے میں بہت آسان کام ہے لیکن ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے۔

اگر آپ لوگوں کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ ہمارے سامنے پیش کریں۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں ٹینڈر کرنا ایک خاص پراسس کے تحت ہوتا ہے کیونکہ مجھے بیس سال ٹھیکیداری کا تجربہ ہے اس طرح کے بے بنیاد الزام لگا کر اخبارات میں اشتہار دینا ناانصافی ہے۔ اس سے تمام اراکین اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ ٹھیکیداروں کے وفد کے نمائندوں نے اپنے تحفظات پر اظہار خیال کیا۔ آخر میں ٹھیکیداروں نے اخبارات میں بے بنیاد الزام لگانے پر معذرت کی اور اراکین اسمبلی کا استحقاق مجروح کرنے اور دل آزاری پر معافی مانگی۔ بعد ازاں اجلاس ملتوی کیا گیا اور ٹھیکیداروں کی جائز شکایات کو استحقاق کمیٹی آئندہ اجلاس میں زیر غور لائی گی۔