ایچ ای سی اورپی ٹی اے کاتعاون،پاکستان کے پہلے انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کاافتتاح کردیاگیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 جنوری 2017 20:38

ایچ ای سی اورپی ٹی اے کاتعاون،پاکستان کے پہلے انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جنوری2017ء) : ہائیرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں پاکستان کے پہلے انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ (آئی ایکس پی)کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمان مہمانِ خصوصی تھیں جبکہ ایچ ای سی کے چئیرمین ڈاکٹر مختار احمداور پی ٹی اے کے چئیرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ بھی موجود تھے۔

ایچ ای سی میں انٹر سروس فراہم کنندہ گان اور ایچ ای سی کے تعاون سے پاکستان انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کے قیام کے لئے ضروری آلات کی فراہمی ہوآوے ٹیکنالوجیز کی جانب سے کی گئی ہے۔ انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کا بنیادی مقصد نیٹ ورکس کو براہ راست مربوط کرنا ہے جس کے ذریعے لوکل نیٹ ورکس کو معلومات کے مئوثر تبادلے میں مدد فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سات سے زائد قومی ٹیلی کام اور انٹرنیٹ کیرئیرزپاکستان کے پہلے انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کا حصہ ہیں۔

وزیرمملکت انوشہ رحمان نے اپنے خطاب میں انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹ کے افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایکس پی ٹیلی کمیونیکیشن پالیسی کا حصہ ہے اور پالیسی کے تحت لئے جانے والے اقدامات کا مقصد ملک کو آئی ٹی کے شعبے میں کلیدی کردار دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کا ایجنڈا ہے کہ غیر مربوط عوام کے مابین رابطوں کو بڑھایا جائے اور ملک میں کنیکٹیوٹی میں مزید اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے آئی ٹی کے شعبے اور روابط کی ترویج کے سلسلے میں پبلک اور پرئیویٹ سیکٹر کے درمیان تعاون پر زور دیا اور کہا کہ کنیکٹیوٹی میں اضافہ سے مثبت نتائج کا حصول تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ملک میں آئی سی ٹی کی ترقی کے لئے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اقدامات اور کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کمپیوٹر کی صحیح معنوں میں تعلیم کی ترقی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح رخ میں استعمال کرنے اور انہیں ملازمت کے قابل بنانے کے حوالے سے آگاہی فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے مشترکہ اقدامات بہت ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اعلٰی تعلیمی اداروں کو سہولیات فراہم کر کے اعلٰی تعلیم اور آئی سی ٹی کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے تاکہ یہ اقدامات ملک کی معاشرتی و اقتصادی ترقی کے لئے ممد و معاون ثابت ہوں۔

انہوں نے وزیر مملکت کو ایچ ای سی میں جاری انتیسوین جنوبی ایشیائی نیٹ ورک آپریٹرز گروپ کانفرنس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پرڈاکٹر اسماعیل شاہ نے ملک میں روابط کی ترویج اور انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ کے بارے میں حاضرین کو بتاتے ہوئے کہا کہ ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد چالیس لاکھ تک جا پہنچی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی ، لاہور اورملک کے دیگر شہروں میں بھی انٹرنیٹ ایکسچینج پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :