قطری شہزادے کے دوسرے خط سے توجہ ہٹانے کیلئے اسمبلی میں ہنگامہ کروایا گیا‘شہزاد ستی

شام کو ٹاک شوز کا متوقع موضوع تبدیل کروانے کیلئے حکومتی وزراء‘ نے کامیاب چال چلی‘ جوائنٹ سیکرٹری اے پی ایم ایل

جمعہ 27 جنوری 2017 22:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات شہزاد ستی نے کہا ہے کہ جمعرات کی شام باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ایوان کو مچھلی منڈی بنایا گیا،ٹی وی چینلز پرقطری شہزادے کے خطوط کے حوالے سے ہونے والی گفتگو روکنے کے لئے ایوان کا تقدس پامال کیاگیا،حکومتی وزراء اور اراکین قومی اسمبلی سرکاری تنخواہ پرشریف خاندان کی ترجمانی کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر اپنے ردعمل میں کیا۔انہوں نے کہا کہ شام کو تمام ٹی وی چینلز پرتلور کے شکار کے عوض سپریم کورٹ کو لکھوائے گئے قطری شہزادے کے خطوط پر تبصرے ہونے تھے جس سے پانامہ کیس کے حوالے سے شریف خاندان پر منفی اثرات مرتب ہونے تھے۔

(جاری ہے)

چنانچہ حکومتی اراکین نے ٹی وی پر ہونے والے مذاکروں کا موضوع تبدیل کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کروا دی۔

انہوں نے کہا کہ کسی مخصوص شخص کے خاندان کی عزت کے لئے ایوان کا تقدس پامال کرناقابل مذمت اقدام ہے۔قومی اسمبلی کسی فردواحد یا جماعت کی نہیں،قوم کی جاگیر ہے،اس پلیٹ فارم کو صرف قومی اور عوامی مقاصد کے لئے استعمال کیاجائے۔وزراء اور اراکین اسمبلی کو چاہئیے کہ بھوک اور افلاس کی ماری اس قوم کے پیسوں پر شریف خاندان کو پانامہ کیس سے بچانے کی لڑائی سے گریز کریں اور وہ کام کریں جس کے لئے عوام نے انہیں منتخب کیاہے۔

متعلقہ عنوان :