مزار قائد سے منسلک اراضی پر پارک بنا رہے ہیں جس میں چاروں صوبوں، کشمیر، گلگت بلتستان کی ثقافت اور دیگر پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا، عرفان صدیقی

جمعہ 27 جنوری 2017 20:30

مزار قائد سے منسلک اراضی پر پارک بنا رہے ہیں جس میں چاروں صوبوں، کشمیر، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ اور قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ(کیو ایم ایم بی) کے چیئرمین عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مزار قائد سے منسلک اراضی پر پارک بنا رہے ہیں جس میں چاروں صوبوں، کشمیر، گلگت بلتستان کی ثقافت اور دیگر پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا، میئرکراچی کوکیو ایم ایم بی بورڈ کا ممبر بنایا جارہاہے،مزار پر فانوس کا تحفہ دینے پر چین کے مشکور ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ بورڈ کے ممبران پورے نہ ہونے کی وجہ سے ماضی میں اجلاس تسلسل کے ساتھ منعقد نہیں ہوتا رہا ایک طویل عرصے کے بعد اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں گزشتہ تین سے چار سال زیر التواء مسائل اور معاملات پر تفصیل سے بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم مزار کے احاطے میں نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں خاص طور پر مزار سے منسلک اراضی پر ایک ایسا پارک بنا رہے ہیں جس میں چاروں صوبوں، کشمیر، گلگت بلتستان کی ثقافت اور دیگر پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پارک کی ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں بورڈ اور سینیٹ کی کمیٹی نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک کے قیام سے کراچی کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو تفریح کا ایک اور پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزار قائد ایک عمارت نہیں بلکہ پاکستان کی یکجہتی، ماضی اور مستقبل کی علامت ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ بورڈ کے اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اس کے اجلاس تسلسل سے ہوا کریں گے اور کوئی معاملہ التواء کا شکار نہیں ہوگا اور منصوبوں پر بلا تاخیر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کے نام سے منسوب ان کی رہائش گاہ، جائے پیدائش اور دیگر عمارتیں جو زبوں حالی کا شکار ہیں اس پر وفاقی حکومت بہتری لانے کے لئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم میئر کراچی کو بورڈ کا ممبر بنانے کے لئے وزیر اعظم کو سفارش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بورڈ میں خواتین ممبران کی شمولیت کے لئے بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزار قائد پر کاشی کری کرانا چاہتے ہیں جس کے لئے ملتان، ایران، ازبکستان اور ترکی کے کاریگروں میں سے کسی ایک کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور آئندہ اجلاس میں ملتان کے کاریگروں کو طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر چین کی طرف سے فانوس کا تحفہ قابل ستائش ہے اور بورڈ اس حوالے سے پاکستان میں چین کے سفیر کو اظہار تشکر کے لئے خط بھی لکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ پاکستان فانوس خود خرید کر مزار پر نصب کرے مگر چین کی حکومت کی طرف سے اصرارپرفانوس کا تحفہ کو قبول کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری نیشنل ہسٹری اور لٹریری ہیرٹیج عامر حسن، سیکریٹری جنرل اینڈ ایڈمنسٹریشن سندھ سعید اعوان، ممبران بورڈ یاسین ملک، مہتاب الدین چاؤلہ اور ریزیڈنٹ انجینئر مزار قائد محمد عارف کے علاوہ دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :