پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی،تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے،شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم کئے ہیں، شکست خوردہ عناصر پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے خائف ہیں،باشعور عوام نے انہیں ہر موقع پر مسترد کیا، ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ،ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے اٹھ رہا ہے

وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سینیٹر عطاء الرحمن سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 جنوری 2017 20:05

پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی،تیز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے کہ انہوں نے ملک و قوم کی کیا خدمت کی ہے۔ ان سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے پہلے بھی عام آدمی کے خوشحالی کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالی ہے ۔وہ جمعہ کو سینیٹر عطاء الرحمن سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں اور عوام جان چکے ہیں کہ یہ شکست خوردہ عناصر پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے خائف ہیںاور ان عناصر کو خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ بہتان طرازی اور منفی سیاست کو شکست دی ہے اور یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے ، آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ساڑھے تین برس کے دوران شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم کئے گئے ہیں اور 70 برس کے دوران منصوبوں پر اتنی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے اٹھ رہا ہے۔شکست خوردہ عناصر کو ملک و قوم کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔