وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، لاہور نالج پارک کے منصوبے کے امور کا جائزہ لیا گیا

نوجوانوں کو جدید علوم سے روشناس کرانے کیلئے لاہور نالج پارک کا منصوبہ بنایا گیا ہے، نالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا کیمپس کا منصوبہ 2018 کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا،نالج پارک کے منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے جدت اور انفرادیت کے ساتھ فوری اقدامات کئے جائیں،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف

جمعہ 27 جنوری 2017 20:05

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، لاہور نالج پارک کے منصوبے کے امور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور نالج پارک کے منصوبے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان روشن پاکستان کی امید ہیں اورنوجوانو ںکو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اسی مقصد کے پیش نظر نوجوانوں کو جدید علوم سے روشناس کرانے کیلئے لاہور نالج پارک کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک میں پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا کیمپس بنا رہی ہے جس کی تعمیر کیلئے اراضی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے حوالے کردی گئی ہے اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا منصوبہ 2018 کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور نالج پارک کے منصوبے پر انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنے کی ضرورت ہے لہذانالج پارک کے منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے جدت اور انفرادیت کے ساتھ فوری اقدامات کئے جائیں۔پنجاب حکومت اس اہم منصوبے کیلئے ہرطرح کے وسائل فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو آئندہ چند روز کے اندر منصوبے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ اور لاہور نالج پارک کمپنی کے بورڈ ممبران عبدالرزاق دائود، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر عطاء الرحمن دبئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔