وزیر اعلیٰ پنجاب کی چین کے نئے روایتی سال کی آمد پر چینی صدر ، وزیر اعظم اور عوام کو مبارکباد

پنجاب اورپاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز اور ورکرز کا جذبہ قابل تعریف ہے،خوشی کے تہوار پر ہزاروں چینی انجینئرزاورورکرز اپنے خاندانوں سے دور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں،مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز اور ورکرز نے محبت،محنت اورایثار کاایسا پیغام دیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے،وزیر اعلیٰ شہباز شریف

جمعہ 27 جنوری 2017 20:05

وزیر اعلیٰ پنجاب کی چین کے نئے روایتی سال کی آمد پر چینی صدر ، وزیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چین کے نئے روایتی سال کی آمد پر چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی چیانگ اور عوام کو مبارکباددی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ،لاہور میں تعینات چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اور پاکستان اور پنجاب کے مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز، ٹیکنیشنز اور ورکرز کو بھی نئے سال کی مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ خوشی کے تہوار پر ہزاروں چینی انجینئرز ، ٹیکنیشنزاورورکرز اپنے خاندانوں سے دور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں اور پنجاب اورپاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز اور ورکرز کا جذبہ قابل تعریف ہی- پاکستان میں جاری ان منصوبوں کی تکمیل سے معیشت مضبوط ہو گی ، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا- پاکستان میں ان چینی انجینئر ز اور ورکرز کا کام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا - انہوںنے کہا کہ ان چینی انجینئرز اور ورکرز نے خوشی کے اس موقع پر اپنے خاندانوں سے دو ررہ کر محبت،محنت اورایثار کاایسا پیغام دیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے اوران چینی انجینئر ز کے نزدیک اپنی خوشیوں سے زیادہ وہ کام اہم ہے جو پاکستان میں سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میںغربت ،بے روزگاری اورناانصافی کیخلاف اخلاص کیساتھ جدوجہد کی ہے اور چینی قیادت کی شبانہ روز محنت کی بدولت چین دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے۔چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایاہے۔ انہوںنے کہا کہ دونوں ممالک عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔

پاکستان میں چین کے تعاون سے سی پیک کے منصوبوں سے ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیںاور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے اب کام ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔پاکستان اورچین کی دوستی لازوال ہے اور ہرگزرتے لمحے دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے۔ پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔