لاہور ہائیکورٹ نے پالیسی پر عمل نہ کرنے پر 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کی نیلامی روک دی

پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے پر اظہار برہمی ،سیکرٹری پٹرولیم سے ذمہ دار افسروں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ طلب

جمعہ 27 جنوری 2017 19:57

لاہور ہائیکورٹ نے پالیسی پر عمل نہ کرنے پر 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کی نیلامی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایل پی جی پالیسی پر عملدر آمد نہ کرنے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے 2فروری کو ہونے والی 400 میٹرک ٹن ایل پی جی کی نیلامی روک دی ۔جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے گولڈ گیس کی درخواست پر سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر سردار قاسم فاروق نے موقف اختیار کیا کہ پی پی ایل حکومتی قیمت سے زائد پر ایل پی جی کی نیلامی کر رہا ہے اور مہنگی قیمت پر دوبارہ 400میٹرک ٹن ایل پی جی کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ کمپنیاں مہنگی گیس خرید کر عام صارفین کو بھی مہنگی فروخت کرینگی، انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان پٹرولیم ایل پی جی پالیسی کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہا ہے۔ عدالت نے ایل پی جی پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکرٹری پٹرولیم سے ایل پی جی پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنیوالے افسروں کیخلاف کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ عدالت نے وزارت پٹرولیم، اوگرا اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ سے 30جنوری تک جواب طلب کر لیا۔