وزیر اعظم (کل )سی پی آفس میں جدید کمپیوٹر ائزڈ نظام سے لیس فرنٹ ڈیسک کا افتتاح کرینگے

سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل ،سکیورٹی ریہرسل کے دوران غفلت برتنے پر اہلکاروںکو سزائیں دی گئیں

جمعہ 27 جنوری 2017 19:53

وزیر اعظم (کل )سی پی آفس میں جدید کمپیوٹر ائزڈ نظام سے لیس فرنٹ ڈیسک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف کل (ہفتہ) کو سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کریںگے جہاں وہ پنجاب بھر کے تھانوں میں جدیدکمپیوٹر ائزڈ نظام سے لیس نو قائم شدہ فرنٹ ڈیسک کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر انکے ہمراہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب وزیر اعظم نواز شریف کو پولیس تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کے قیام کے مقاصد ،محکمہ پولیس میں متعارف کرائی گئی جدید ٹیکنالوجی سمیت دیگر امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

وز یر اعظم کے سی پی او آفس دورہ کے سلسلہ میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز سکیورٹی ریہرسل بھی کی گئی اور غفلت برتنے پر اہلکاروںکو سزائیں بھی دی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ او شاہدرہ کو تاخیر سے آنے پر دو سالہ سروس ضبط کی سزا دی گئی ۔ استنبول چوک میں تعینات اہلکار کو غفلت کا مرتکب ہونے پر معطل کر دیا گیا جبکہ مال روڈ پر تعینات اہلکاروں کو اکٹھے کھڑے ہونے پر حوالات میں بند کرا دیا ۔