لندن کے لارڈ مئیر کا وفد کے ہمراہ سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کا دورہ، پاک برطانیہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور

چیئرمین ایس ای سی پی کا دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کے مابین قریبی تعلقات کا اعادہ

جمعہ 27 جنوری 2017 19:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) لندن کے لارڈ مئیر ڈاکٹر اینڈریو پارملی کی قیادت میں برطانیہ سے آئے اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کو سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن پاکستان ایس ای سی کے صدردفتر کا دورہ کیا اور دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور۔ وفد میں لندن شہر کے شیرف پیٹر اسٹلن اور اقتصادی ترقی کے دفتر کے شعبہ برآمدات و سرمایہ کاری کے سربراہ سمیت برطانیہ کے نجی و سرکاری شعبہ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

اسلام آباد میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر، کراچی میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر بلینڈا لیوس اور پاکستان کے شعبہ بین الاقوامی تجارت کے ڈائریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کا وفد چیئرمین اور سینئر انتظامیہ پر مشتمل تھا۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے وفد کو خوش آمدید کہا اور دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کے مابین قریبی تعلقات کا اعادہ کیاجن کی بنیاد برطانیہ اور پاکستان کے تاریخی تعلقات اور اوّل الذکر کی جانب سے پاکستان کی ترقی کے لئے مسلسل تعاون پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے دوریدونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات استوار کرنے اور تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان آنے اور ایس ای سی پی کا دورہ کرنے پر لارڈ مئیر کا شکریہ ادا کیا۔ لارڈ مئیر نے دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں کاروبار دوست ماحول کی تعریف کی اور اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے ایس ای سی پی کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ ایسے مزید کئی وفود کی پاکستان آمد کا راستہ ہموار کرے گا۔ وفد کو ایس ا ی سی پی کے کردار اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کی جانب سے گزشتہ دو سالوں کے دوران متعارف کرائی گئی جامع اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کیپٹل مارکیٹ، اسلامی مالیات اور بیمہ کے شعبہ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کی ٹیم نے وفد کے اراکین کے سوالات کے جوابات بھی دئے۔

متعلقہ عنوان :