وسیم اختر کی میئر بہاولپور سے ایم سی بلڈنگ میں ملاقات

آپ پاکستان کے پہلے میئر ہیں جو کے ایم سی تشریف لائے ، آپ کی حکومت آپ کو اختیارات اور فنڈز دیتی ہے، ہمیں اختیارات اور فنڈز نہیں دیئے جارہے، وسیم اختر میں کراچی کے لیے نیک خواہشات لے کر آیا ہوں،وزیراعظم پاکستان کراچی کی ترقی اور بہتری کی خواہش رکھتے ہیں، عقیل النجم ہاشمی

جمعہ 27 جنوری 2017 19:33

وسیم اختر کی میئر بہاولپور سے ایم سی بلڈنگ میں ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر سے جمعہ کی صبح میئر بہاولپور عقیل النجم ہاشمی نے کے ایم سی بلڈنگ میں ملاقات کی اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی بہاولپور سمیع اللہ نیازی، مسلم لیگ یوتھ ونگ سندھ کے صدر بیرسٹر راجا انصاری بھی موجود تھے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے میئر بہاولپور عقیل النجم ہاشمی کو کراچی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے پہلے میئر ہیں جو کے ایم سی تشریف لائے ہیں۔آپ خوش قسمت میئر ہیں کہ جو پلان کرتے ہیں اور جو سوچتے ہیں اس کے لیے اختیارات اور فنڈز بھی دستیاب ہیں۔ آپ کی حکومت آپ کو اختیارات اور فنڈز دیتی ہے، ہمیں اختیارات اور فنڈز نہیں دیئے جارہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم سے درخواست کروں گا کہ وہ کراچی کے لئے بڑا پیکیج دیں جو اس کی ضرورت ہے، میئر بہاولپور عقیل النجم ہاشمی نے کہا کہ میں کراچی کے لیے نیک خواہشات لے کر آیا ہوں،وزیراعظم پاکستان کراچی کی ترقی اور بہتری کی خواہش رکھتے ہیں، ہم ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ کراچی کے لیے پیکیج دیں گے، میئر بہاولپور نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہیں انہیں مکمل اختیارات دیے جانے چاہئیں،کراچی کے مسائل حل ہونے چاہئیں، کراچی کو بہت آگے جانا ہے ، ہم کراچی کو روشنیوں کا شہر دیکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کراچی کے میئر کے ساتھ ہیں اور کراچی کی خوشحالی کے لیے ہمیں ان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچھ ہوتا ہے تو اس کا درد پورے ملک میں محسوس ہوتا ہے، کراچی کو پاکستان مسلم لیگ کی قیادت اس ماں کی گود کی طرح بنانا چاہتی ہے جہاں عافیت ہی عافیت ہو، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اس کی بہت اہمیت ہے ہم سب کراچی کو روشنیوں کا شہر دیکھنا چاہتے ہیں۔

میئربہاولپور نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت میئر کراچی کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی اور میں وزیراعظم سے درخواست کروں گا کہ وہ کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کراچی شہر کے حوالے سے مختلف مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور بتایا کہ انتہائی نامساعد حالات میں بھی شہر کے لئے وہ اور ان کی ٹیم کام کر رہی ہے اور شہر کی منتخب یوسیز میں سو روزہ صفائی مہم کے حوالے سے بھرپور کام کیا جا رہا ہے تاکہ ہم بتاسکیں کہ وسائل کی عدم فراہمی کے باوجود اگر ہم چند منتخب یوسیز میں شہریوں مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف کام سرانجام دے سکتے ہیں تو وسائل کی فراہمی کے بعد شہر بھر کے لئے بھرپور طریقے سے کام کیا جاسکتا ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان کراچی کے لئے بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے جو اس شہر کی شدید ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے لوگ روزگار کمانے کے لئے آتے ہیں لہٰذا اس شہر میں آبادی کا دبائو سب سے زیادہ ہے جس کے باعث مسائل میں بھی بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے ، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی پاکستان کے ہر شہر سے زیادہ ریونیو وفاق کو فراہم کرتا ہے لہٰذا وفاق کو بھی چاہئے کہ وہ کراچی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے اس کا حق ضرور دے ۔

#

متعلقہ عنوان :