ایاز صادق این ای122کی طرح قومی اسمبلی میں بھی خود کو اہل ثابت نہیں کر سکے ‘عبدالعلیم خان

عدالتوں پر حملے کرنے والوں نے قومی اسمبلی کو بھی اکھاڑہ بنا دیا ، پی ٹی آئی پیچھے نہیں ہٹے گی‘میڈیا سے گفتگو

جمعہ 27 جنوری 2017 19:18

ایاز صادق این ای122کی طرح قومی اسمبلی میں بھی خود کو اہل ثابت نہیں کر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ایاز صادق این ای122کی طرح قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے بھی خود کو اہل ثابت نہیں کر سکے ان کے جانبدارانہ رویے کے باعث ہی قومی اسمبلی کا ماحول خراب ہو ا جو ا ب گونگلوؤں سے مٹی جھاڑنے کیلئے استعفے کی پیشکش کر رہے ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ من پسند فیصلہ نہ ملنے پر عدالتوں پر حملے کرنے والوں نے قومی اسمبلی کو بھی اکھاڑہ بنا کر رکھ دیا ہے حکمرانوں کو پاناما کیس میں پکڑ دھکڑ نظر آنا شروع ہو گئی ہے اسی لیے وزراء کی فوج ظفر موج نے شاہ سے وفاداری دکھانے کیلئے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی پر دست درازی کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ خاطر جمع رکھے تحریک انصاف کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور عمران خان کی قیادت میںانشاء اللہ ملک کو کرپٹ نظام سے چھٹکارہ دلا کر رہیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حقائق کا سامنا کرتے ہوئے سچ بولنے کی بجائے حکمرانوں نے الف لیلہ کی داستان سنانا شرو ع کر دی ہے خود وزراء صاحبان کے بیانات ایک دوسرے کی تردید کرتے دکھائی دیتے ہیں ان حالات میں روز نئے سوالات سامنے آ رہے ہیں جن کا جواب کسی کے پاس نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جوابی الزامات کے طور پر عمران خان اور جہانگیر ترین کے بارے میں موٹو گینگ کی اخلاق سے گری ہوئی گفتگو قابل مذمت ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکمرانوں کو اپنی شکست کا سو فیصد یقین ہو چکا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاناما کیس میں سامنے آنے والے الزامات پر پی ٹی آئی کے خلاف دشنام طرازی سمجھ سے بالاترہے اگر یہ الزامات غلط تھے تو شریف کو آئی سی آئی جے ،بی بی سی اور جرمن میڈیا کے خلاف عدالتوں میں جانا چاہیے تھا۔