دنیا میں گلوبل ویلج کی شکل میں رونما ہونیوالی انقلابی تبدیلیوں کیساتھ پر امن اور پروقار ترقی کیلئے جدید تعلیم کا حصول ناگزیر ہے،سکندرشیرپائو

جمعہ 27 جنوری 2017 18:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ دنیا میں گلوبل ویلج کی شکل میں رونما ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کے ساتھ پر امن اور پروقار ترقی کیلئے جدید تعلیم کا حصول ناگزیر ہے۔اس لئے نئی نسل کو کافی محنت اور لگن سے جدید علوم سے آراستہ کرنے کی اشد ضرورت ہے جبکہ اساتذہ اور والدین کو اس سلسلے میں بڑی ذمہ داری کے ساتھ کردار ادا کرنا ہو گا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول شیرپائو میں آئی ٹی لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی سراج، سکول کے پرنسپل عرفان خان، علاقہ کے عمائدین اور ضلعی حکومت کے نمائندوں کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں اور تعلیمی اداروں کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم تعلیمی میدان میں بہتر نتائج کیلئے اساتذہ کی توجہ، لگن اور طلبہ کی محنت نہایت ضرروی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقے کو سیاسی اور معاشی شہرت کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں ترقی دینے کے خواہاں ہیں۔سکندر حیات شیرپائو نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش چیلنجز کے مقابلہ کیلئے دور حاضر کی تعلیم کا ہتھیار نہایت ضروری ہے جس کیلئے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ضلع چارسدہ میں ہر لیول کے بہترین تعلیمی ادارے قائم ہیں اور حکومت ان میں مزید اضافہ کررہی ہے اور بہت جلد ایک ارب روپے کی لاگت سے ٹیکنیکل یونیورسٹی کا کیمپس بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

صوبائی سینئر وزیر نے مذکورہ سکول میں 29نئے کمروں کی تعمیر، چاردیواری، بجلی کی ترسیل میں بہتری لانے اور لائبریری کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے اساتذہ کی کمی کو پورار کرنے کیلئے ڈی ای او کو SNEبھیجوانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے سکول کیلئے گرائونڈ کی تعمیر اور مسجد کے قیام کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ گائوں کی طالبات اور طلباکے ہائر سیکنڈری سکولوں کیلئے 15,15لاکھ روپے کی لاگت کی سولرواٹر سپلائی سکیم دینے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے نے مذکورہ سکول کی لائبریری کیلئے کتابوں کی مد میں اپنی طرف سے 50ہزار روپے کے عطیے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شیرپائو گائوں کے میٹرک ،فرسٹ ائیر اور سکینڈ ائیر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو ہر سال حیات محمد خان شیرپائو شہید ایوارڈ اور انعام دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :