تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں گھونسوں اور مکوں کی جنگ چھیڑنے کے بعد اپنی پارٹی عہدوں کی جنگ چھیڑدی

چیئرمین سمیت پارٹی کے تین بڑے عہدیداروں کا تعلق پنجاب سے ہے اس لئے مرکزی صدر کا عہدہ کے پی کے عہدیدار کے پاس ہونا چاہیے ‘ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مرکزی صدارت کا عہدہ مانگ لیا عہدہ نہ ملنے پرآئندہ اجلاسوں میں شرکت نہیں کرونگا‘ پرویز خٹک کی دھمکی

جمعرات 26 جنوری 2017 23:46

تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں گھونسوں اور مکوں کی جنگ چھیڑنے کے بعد اپنی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں گھونسوں اور مکوں کی جنگ چھیڑنے کے بعد اپنی پارٹی عہدوں کی جنگ چھیڑدی ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مرکزی صدارت کا عہدہ مانگ لیا ،عہدہ نہ ملنے کی صورت میں دھمکی دے دی کہ وہ آئندہ اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے ،انہوں نے اعتراض اٹھایا کہ چیئرمین سمیت پارٹی کے تین بڑے عہدیداروں کا تعلق پنجاب سے ہے اس لئے مرکزی صدر کا عہدہ کے پی کے عہدیدار کے پاس ہونا چاہیے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں عہدوں کی نئی جنگ چھڑ گئی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مرکزی صدارت کا عہدہ مانگ لیااور عہدہ نہ ملنے کی صورت میں دھمکی دے دی کہ وہ آئندہ اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے اعتراض اٹھایا کہ چیئرمین ،وائس چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کا عہدہ پنجاب کے امیدواروں کے پاس ہے اوریہی تین بڑے عہدیدار ہیں اس لئے مرکزی صدارت کا عہدہ خیبرپختونخوا کے پاس ہونا چاہیے ۔

پرویز خٹک نے پارٹی کی مرکزی صدارت کا مطالبہ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا ۔اس موقع پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیرترین نے رضا کارانہ طور پر اپنا عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی جبکہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اجلاس میں خاموش رہے ۔عمران خان نے یہ معاملہ آئندہ اجلاس تک کے لئے ٹال دیا ۔