Live Updates

تحریک انصاف والے 128دن تک پارلیمنٹ کو جھوٹا کہتے رہے پھر واپس آگئے ، پانامہ کیس عدالت میں چل رہا ہے ، دوسری عدالت عمران خان نے شاہراہ دستور پر لگا رکھی ہے ،تیسری ،چوتھی عدالت ٹی وی پروگراموں ،جلسے جلوسوں اور دھرنوں میں لگاتے ہیں ،یک شخص وزیراعظم کی کرسی حاصل کرنے کیلئے ہوس کا شکار ہے ، پہلے پارلیمنٹ پر باہرسے حملہ کیا ، اب اندر سے بھی حملہ کردیا ،عدالت میں اپنی ہار کا بدلہ ارکان پارلیمنٹ سے مت لیں ، عمران خان نے جو گزشتہ ساڑھے تین سال میں کیا آج کا واقعہ اسی کا تسلسل ہے ، وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو انقلابی ترقی دلوائی

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 جنوری 2017 23:46

تحریک انصاف والے 128دن تک پارلیمنٹ کو جھوٹا کہتے رہے پھر واپس آگئے ، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جنوری2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان 128دن تک پارلیمنٹ کو جھوٹا کہتے رہے اور پھر واپس آگئے ، کیس عدالت میں چل رہا ہے ، دوسری عدالت عمران خان نے شاہراہ دستور پر لگائی ہوئی ہے اور تیسری ،چوتھی عدالت ٹی وی پروگراموں ،جلسے جلوسوں اور دھرنوں میں لگاتے ہیں ۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک شخص وزیراعظم کی کرسی حاصل کرنے کیلئے ہوس کا شکار ہے ، پہلے پارلیمنٹ پر باہرسے حملہ کیا اور اب پارلیمنٹ پر اندر سے حملہ کیا گیا ،عدالت میں اپنی ہار کا بدلہ ارکان پارلیمنٹ سے مت لیں ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ورکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان نے جو گزشتہ ساڑھے تین سال میں کیا آج کا واقعہ اسی کا تسلسل ہے ، وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو انقلابی ترقی دلوائی ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں ہاتھا پائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپنا موقف پیش کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کے اندر پارلیمنٹ پر حملہ کیا ، عدالت میں تحریک انصاف اپنی شکست کو محسوس کر تے ہوئے ایسا رویہ دکھا رہی ہے ، انکی ذہنیت کا اب کوئی علاج نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرسی کی ہوس میں پاگل ہورہے ہیں ان کا مقصد ملک کو نقصان پہنچانا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہونے والا واقعہ تحریک انصاف کے ارکان کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 128دن کے دھرنے میں عمران خان اور پوری تحریک انصاف پارلیمنٹ کو جھوٹا کہتے رہے اور پھر پارلیمنٹ میں واپس آگئے ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس عدالت میں چل رہا ہے اس کے باوجود وہ شاہراہ دستور پر ،جلسے جلوسوں ، دھرنوں اور ٹی وی پروگراموں میں بھی عدالت لگاتے ہیں جس پر مجبوراًہمیں بھی جواب دینا پڑتا ہے ۔عمران خان یہ بتائیں کہ فیصلہ کہاں سے کروانا چاہتے ہیں ۔ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف والے کبھی پارلیمنٹ میں لڑتے ہیں تو کبھی دھرنے دیتے ہیں ۔انہوں نے اپنے صوبے خیبرپختونخوا میں لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے ، سارا خیبربینک لوٹ کر کھا گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی قیادت میں طوفان بدتمیزی برپا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپنی تقریر کے بعد اراکین کو اشارہ کیا کہ وزیراعظم کے خلاف نعرے لگائے جائیں ، الزام اور بہتان کی سیاست کے علاوہ انہوں نے قوم کو کچھ نہیں دیا ۔انہوں نے اسمبلی کے ڈائس پر چڑھ کر حملہ کیا اور آئین کی کاپیاں میز پر پھینک دیں ۔

سعد رفیق نے کہا کہ اسمبلی میں آج کا سارا واقعہ ریکارڈ پر ہے ۔ 2018کے الیکشن میں جانے کیلئے عمران خان کے پاس گالی کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ شاہ محمود قریشی مسلسل سیاسی وفاداریاں تبدیل کرتے آئے ہیں ۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان نے جو گزشتہ ساڑھے تین سال میں کیا آج کا واقعہ اسی کا تسلسل ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف کی دو بار حکومت گرائی گئی اس کے باوجود انہوں نے ملک کو انقلابی ترقی دلوائی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات