سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں مختلف پوسٹوں پر میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر من پسند افراد کو اہمیت دی گئی ہے،سینیٹر حافظ حمد اللہ

جمعرات 26 جنوری 2017 23:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں مختلف پوسٹوں پر میرٹ کی دھجیاں بکھیر تے ہوئے من پسند افراد کو اہمیت دی گئی ہے جس سے صوبے کی قابل اور محنتی افراد کی حوصلہ شکنی ہو گی ہر پوسٹ کیلئے غریب امیدواروں نے ہزاروں کی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی اگر تعیناتیاں من پسند کی کرنی تھی تو اس آسامی کی تشہیر ہی کیوں کرائی گئی ‘یہ بات انہوںنے وومن یونیورسٹی میں مختلف پوسٹوں کے امیدواروں کی ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی‘ انہوںنے کہاکہ لاکھوں روپے این ٹی ایس کی مد میں غریب امیدواروں سے وصول کیے گئے لیکن بجائے میرٹ کا خیال رکھا جاتا من پسند لوگوں کا خیال رکھاگیا جو میرٹ کا گلہ گھٹنے کے مترادف ہے جس طرح کے امیدواروں نے ان کو کاغذات دکھائے ہیں وہ انگوشت بدندان رہ گئے ہیں کہ جن امیدواروں کے نام میرٹ لسٹ میں پچاس نمبر پر ہے ان کو ایک نمبر کے مقابلے میں سلیکٹ کیاگیا ہے جو کہ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے انہوں نے کہاکہ قوم پرستوں کا گزشتہ چار سال سے نعرہ رہا ہے کہ میرٹ اور اصلاحات متعارف کروارہے ہیں لیکن چار سے صرف میرٹ کا گلہ گھونٹا جارہا ہے جس سے صوبے کی نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں ہونیوالے خلاف قانون تعیناتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام تعیناتیوں کا ریکارڈ طلب کریں اور انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ اس وقت کسی شخص کو آرڈر نہ دیا جائے جب تک ایک غیر جانبدار کمیٹی اس کی تحقیقات نہیں کرتی ۔

متعلقہ عنوان :