سینیٹ ذیلی کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کا اجلاس

اجلاس میں متعارف کرائے گئے انسانی اعضاء کی پیوند کاری کے ترمیمی بل2016 کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا

جمعرات 26 جنوری 2017 23:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) سینیٹ ذیلی کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کا اجلاس کنونیئر کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر اعظم خان سواتی کے سینیٹ کی19 دسمبر2016 کے ہونے والے اجلاس میں متعارف کرائے گئے انسانی اعضاء کی پیوند کاری کے ترمیمی بل2016 کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔

ایڈیشنل سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز نے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ اس طرح کے پانچ بل زیر غور ہیں۔ چار قومی اسمبلی میں اور ایک سینیٹ میں اعظم خان سواتی کا ہے ۔ نیشنل ہیلتھ سروسز کی ایک مانیٹرنگ اتھارٹی ہے جس کا اجلاس وزیر مملکت برائے صحت کی صدارت میں وزارت میں ہوا ۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام بلوں کو اکٹھا کر کے تفصیل سے جائزہ لیا جائے ۔

(جاری ہے)

ا ور وزارت ایک ایساموثر بل تیار کرے جس سے ملک و قوم کو فائدہ ہو اور 90فیصد بل کا ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے ۔ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں بھی 23 جنوری کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ ان تمام بلوں کی روشنی میں ایک بل تیار کر کے وزارت قانون سے رائے حاصل کی جائے تو بہتر یہی ہے کہ سینیٹر اعظم خان سواتی اپنا بل واپس لے لیں ۔ جس پر سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا کہ میرا مقصد ملک و قوم کو فائدہ دیناہے ۔

میں اپنا بل ایوان بالاء میں واپس لے لوں گا۔انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد یہ تھا کہ انسانی اعضاء کی ملک میں غیر قانونی خرید وفروخت ملک کیلئے بدنامی کا باعث بن رہی ہے اور سالانہ دو ارب ڈالر سے زائد یہ تجارت ملک میں ہو رہی ہے ۔ اس لئے یہ بل تیار کیا گیا تھا ۔ رکن کمیٹی سینیٹر محمد عتیق شیخ نے کہا کہ بہتر یہی ہوگا جن لوگوں نے بل تیار کیے ہیں اور ان کی سفارشات بل کیلئے منظور ہوتی ہیں تو ان کا نام بھی درج کیا جائے بل کئی مہینوں کی محنت سے تیار ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر سعید اختر کہا کہ اعضاء کی ڈونیشن قریبی رشتہ دار کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 15 سال سے انسانی اعضاء کی خرید و فروخت کے خلاف جنگ لڑی ہے اور دنیا کے موثر سسٹم کو پاکستان میںچلانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ انہوں نے دنیا میں رائج پیوند کاری سسٹم بارے کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا ۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ، محرک بل محمد اعظم خان سواتی کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسزو دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :