میئر کراچی کی مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں سے ملاقات

اختیارات نہ دیئے گئے تو پورا کراچی بھرپور تیاری کے ساتھ سپریم کورٹ جائے گا ، وسیم اختر منتخب نمائندوں کو ا ختیارات نہ دینا عوام کے ساتھ دھوکہ دہی ہے ،ماضی میں اربوں روپے کے فنڈز ریلیز ہوئے لیکن زمین پر کہیں بھی نظر نہیں آرہے، ماضی کی غلط پالیسیوں کو ختم کرنا ہوگا، میئر کراچی عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس اختیارات ہونے چاہئیں، اختیارات کے بغیر احتساب ممکن نہیں، رہنما مسلم لیگ (ق)

جمعرات 26 جنوری 2017 23:04

میئر کراچی کی مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں سے ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اگر اختیارات نہ دیئے گئے تو پورا کراچی بھرپور تیاری کے ساتھ سپریم کورٹ جائے گا انہوں نے کہا کہ اختیارات منتخب نمائندوں کو نہ دینا عوام کے ساتھ دھوکہ دہی ہے ماضی میں اربوں روپے کے فنڈز ریلیز ہوئے لیکن زمین پر کہیں بھی نظر نہیں آرہے، ماضی کی غلط پالیسیوں کو ختم کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکریٹری طارق حسن کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر ضلع میونسپل کارپوریشن شرقی کے چیئرمین معید انور، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، مسلم لیگ (ق) کے رہنما نعمت خلجی، اختر پرویز، ڈاکٹر جعفر الحسن، سیمی صدیقی، اسلم سندھی، رفعت اعوان، قیوم اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور بہتری کے لئے میں تمام جماعتوں کے پاس جارہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر شہر کے مسائل کو حل کرلیں گے، انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے کاموں کی تکمیل پر تختیاں لگانے سے کچھ نہیں ہوتا اچھی قانون سازی ہونی چاہئے اور اصل جمہوریت یہ ہے کہ تمام منتخب لوگوں کو ساتھ لے کر چلا جائے، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد لوکل گورنمنٹ ہوتی ہے اس کو اختیارات نہیں دیئے جائیں گے تو ملک اور صوبے میں جمہوریت کے پنپنے کا جواز نہیں رہ جاتا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ہی بنائے ہوئے آئین سے انحراف کررہی ہے ہمارے ہاتھ پائوں باندھ کر نتائج مانگے جارہے ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ شہر کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور اختیارات موجودہ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق حسن نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس اختیارات ہونے چاہئیں، اختیارات کے بغیر احتساب ممکن نہیں، شہری پریشان حال ہیں، کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، پانی اور سیوریج کے مسائل نے زندگی کا پہیہ جام کرکے رکھ دیا ہے۔

میں اور میری پوری جماعت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے میئر کراچی کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں اور جہاں بھی اس سلسلے میں آواز اٹھانا پڑی ہم ان کے ساتھ ہوں گے اور اگر احتجاج کی ضرورت پڑی تب بھی ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ بعدازاں میئرکراچی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے ہمارا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے میں اکیلا کچھ نہیں کرسکتا مل جل کر ہی شہر کے مسائل حل ہوں گے۔

یہ سب ہمارے ساتھ ہیں کراچی کے مسئلے حل ہوں گے تو کراچی کے شہریوں کو ریلیف ملے گا اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں شہریوں سے یہ اپیل کی کہ وہ دیواروں پر بینرز اور پوسٹرز نہ لگائیں اس سے دیواریں گندی ہوتی ہیں اور شہر بدنما لگنے لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہمارا ہے ہم اسے اون کرتے ہیں ہمیں ہی اسے سنبھالنا ہے، خوبصورت بنانا ہے،شہریوں کو سہولیات مہیا کرنی ہے اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے ہیں اور شہر کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے ۔#