شہباز شریف کا انگریزی میں مختصر اور اردو میں جوشیلے انداز میں خطاب

سابق حکمرانوں کی کرپشن اور ’’نیازی صاحب‘‘ کے جھوٹے الزامات پر کڑی تنقید مخالفین جو مرضی کہتے رہیں،میں پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کروں گا خدمت کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑتے ہیں ، خالی نعروں سے تبدیلی نہیں آتی ، ایک طر ف نواز شریف کی قیادت میں شفافیت کی نئی مثالیں قائم کی گئی ہیں، دوسری طرف الزامات کی بارش ہے اورماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں

جمعرات 26 جنوری 2017 22:55

شہباز شریف کا انگریزی میں مختصر اور اردو میں جوشیلے انداز میں خطاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب حکومت اورترک کمپنی ذورلوانرجی ہولڈنگ(Zorlu Enerji Holding)کے مابین قائداعظم سولرپارک بہاولپور میں100میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ لگانے کے معاہد ے پر دستخط کی تقریب کے دوران انگریزی زبان میں مختصر خطاب کے بعد اردو زبان میںجوشیلے انداز میں زبردست تقریر کی اور ماضی کے حکمرانوںکی کرپشن پرکڑی تنقیدکی- وزیر اعلی نے ’’نیازی صاحب‘‘ کے الزامات کو جھوٹ اوربے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی ناقدین بغیر ثبوت کے الزامات لگاتے ہیں، یہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔

’’نیازی صاحب‘‘ کی جس صوبے میں حکومت ہے وہاں انہوںنے پن بجلی کے بے پناہ مواقع کے باوجود شاید ہی 100میگاواٹ کامنصوبہ لگایا ہو،دوسری طرف جن سابق حکمرانوں کے 60ملین ڈالرسوئس بینکوں میں پڑے ہوئے ہیں وہ کس منہ سے کرپشن کی بات کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف کا دامن کرپشن سے صاف ہے اورہمارے منصوبے شفافیت میں اپنی مثال آپ ہے ۔یہی وجہ ہے کہ گیس پاور منصوبوں میں قوم کے 112ارب روپے بچائے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے چیچو کی ملیاں اورنندی پورپاور منصوبوں کا خصوصی طورپر ذکر کیا اور دلائل کے ساتھ حقائق بتائے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ دونوں منصوبے 2006-07ء میں اس وقت میں لگے جب پاکستان میں ڈکٹیٹر مشرف کی حکومت تھی اورصوبوں میں اس کے چیلے حکومت کررہے تھے اوران منصوبوں میں جتنی لوٹ مار ہوئی اس کا قوم کو علم ہے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یہ مصرعہ بھی پڑا۔

’’اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے ‘‘وزیراعلیٰ نے اس وقت کے سابق وزیرقانون کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جن کی وجہ سے نندی پور منصوبے کی مشینری تین برس تک کراچی پورٹ پر گلتی سڑتی رہی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے دوست ملکوں خصوصاً چین کے رہنماؤں کے گھٹنوں کو ہاتھ لگایااوریہ صرف پاکستان اوراس کے عوام کیلئے کیااورمیں آئندہ بھی ملک و قوم کیلئے یہ کروں گا۔

اگرچہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ آپ یہ مت کہا کریں لیکن ملک و قوم کی خاطر میں ہر کام کرسکتا ہوں۔الزامات کی بارش کرنے والوں اور جھوٹ کا طوفان اٹھانے والوں کے اپنے کرتوت قوم کے سامنے ہیں-انہوں نے کہا کہ میں نے آج حقائق کے ساتھ قوم کو سچ بتایا ہے - ان سیاسی عناصر کی طرح نہیں جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں اور بے بنیاد الزا مات لگاتے ہیں - اگر ایک بات بھی غلط ہو تو میں ذمہ دار ہوں گا- انہوں نے کہا کہ میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں - مخالفین جو مرضی کہتے رہیں ،مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کروں گا- اس موقع پر انہوںنے کہا کہ خدمت کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑتے ہیں - خالی نعروں سے تبدیلی نہیں آتی اور خدمت نہیں ہوتی- وزیر اعلی نے کہا کہ ایک طر ف وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے شفافیت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں جبکہ دوسری طرف الزامات کی بارش ہے اور جھوٹ کا طوفان اورماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں۔