مالاکنڈ ڈویژن کی ترقی کیلئے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، محمود خان

جمعرات 26 جنوری 2017 22:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء)صوبائی وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم اور امور نوجوانان اورپاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ ریجن کے صد محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مالاکنڈ ڈویژن کو تعمیر و ترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے چترال روڈکو سی پیک میں شامل کرنا ، بونیر میں یونیورسٹی اور دیر لوئر میںمیڈیکل کالج کے قیام کے علاوہ ضلع مالاکنڈ اور دیر اپر میں نئی تحصیلوں کا قیام اور سوات موٹر وے جیسے عظیم منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن سے مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے بیشتر مسائل و مشکلات حل ہونے کے ساتھ ساتھ خوشحالی اور ترقی کا انقلاب برپا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفد نے پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ ریجن کے جنرل سیکرٹری فدا محمد کی قیادت میں صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور انہیں علاقے کے عوام کو بعض درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمود خان نے وفد کے مسائل غور سے سنے اور حل کرنے کیلئے موقع پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔

صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے کے پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے رہی ہے تاکہ ان علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو بھی دور جدید کے تقاضوں کے مطابق زندگی کی تمام بنیادی آسائشیں دہلیز پر فراہم ہو سکیں۔وفد نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانب سے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔