خیبرپختونخوا اورفاٹاکے عوام کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء میں رکاوٹ ناقابل برداشت ہے،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 26 جنوری 2017 22:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا اورفاٹاکے عوام کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء میں رکاوٹ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہاکہ جعلی شناختی کارڈزکی آڑ میں پاکستانی شہریوں کو بے جازحمت نہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار گورنرنے جمعرات کو گورنرہاؤس پشاورمیں ڈی جی نادرا گوہر احمدخان سے ملاقات کے دوران کیا۔

پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرسکندرقوم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی نادرا نے شناختی کارڈ کے اجراء میں ضروری کارروائی سے گورنرکو آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ تمام جائز شکایات کا ازالہ کیاجائیگا۔ واضح رہے کہ گورنرنے خیبرپختونخوا اورفاٹا کے شناختی کارڈز کی بندش کے حوالے سے سخت نوٹس لیا تھااور اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ سے بھی رابطہ کیاتھا۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہاکہ خیبرپختونخوااور فاٹا کے عوام محب وطن اوروفادارپاکستانی ہیں۔ قبائلی عوام نے امن واستحکام کیلئے بیش بہاقربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے زوردیا کہ شناختی کارڈ بناتے وقت فاٹااورصوبے کے عوام کوزحمت نہ دی جائے اور دیگرپاکستانیوں کی طرح انہیں بھی سہل طریقے سے شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔انہوںنے انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے نادرا کے ساتھ ہرقسم کاتعاون کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :