بلوچستان پر دہشت گردوں کو پالنے کا الزام غلط ،ہم انکے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ،لشکر جھنگوی کی قیادت کا خاتمہ کر دیا ‘ انوار الحق کاکڑ

بھارت کی بلوچستان میں مداخلت سے انکار ممکن نہیں ، علیحدگی پسند تحریکوں کے لیڈر باہر بیٹھ کر اپنے گروپ کنٹرول کر رہے ہیں ہزارہ میں ہونے والی قتل وغارت کا99فیصد خاتمہ ہوچکا ہے، اب بلوچستان بدل رہا ہے ‘ ترجمان بلوچستان حکومت

جمعرات 26 جنوری 2017 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) ترجمان بلوچستان حکومت انوارالحق کا کڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان پر دہشت گردوں کو پالنے کا الزام غلط ہے بلکہ ہم ان کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور لشکر جھنگوی کی قیادت کا خاتمہ کر دیا ہے ، بھارت کی بلوچستان میں مداخلت سے انکار ممکن نہیں ، علیحدگی پسند تحریکوں کے لیڈر باہر بیٹھ کر اپنے گروپ کنٹرول کر رہے ہیں ، ہزارہ میں ہونے والی قتل وغارت کا99فیصد خاتمہ ہوچکا ہے، اب بلوچستان بدل رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز پر یس کلب میں ’’میٹ دی پریس ‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری پریس کلب عبدالمجید ساجد ،شیراز حسنات، زاہد گوگی اور احسان شوکت و دیگر بھی موجود تھے۔ انوار الحق کا کڑ نے کہا کہ بلوچستان پر الزام تھا کہ یہ دہشتگردوں کو پال رہا ہے لیکن ہم دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ، یہ جنگ لڑنا اتنی آسان نہیں ہے مگر پھر بھی ہم پو ری ہمت اور جرات کے ساتھ لڑ رہے ہیں ، ہم نے لشکر جھنگوی کی قیادت کا خاتمہ کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ بھارت کی بلوچستان میں مداخلت سے انکار ممکن نہیں ، جو مداخلت کر تا ہے اسی کانام لیں گے ، کچھ لو گ بھارت کے ساتھ تجارت کی بات کر تے ہیں لیکن تجارت کی بجائے بھارت کی وجہ سے بہتے ہوئے خون کوروکنے کا سد باب بہت زیادہ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام علیحدگی پسند وں کے لئے بلوچستان حکومت کے دروازے کھلے ہیں لیکن ان کے تمام مطالبات مانے نہیں جا سکتے، اب تک 800 سے زائد افراد ہتھیار ڈال چکے ہیں، کسی کو سکندراعظم نہیں بننے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس پو رے پاکستان میں مثالی نہیں ہے ، بلوچستان میں بھی ہم معاملات کو بہتر کرنے کی کو شش کر رہے ہیں ،ہم بلوچستان کے 1200کلومیٹر طویل بارڈر کی حفاظت کے لئے بارڈر مینجمنٹ فورس بنا رہے ہیں ، بلوچ پشتونوں میں پاک چین اقتصادی راہداری کے اعتراضات کو ختم کرنے کے لئے حکومتی و اپو زیشن اراکین ، اکیڈیمیا اور سول سوسائٹی پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔

انوار الحق کاکٹر نے کہا کہ بلوچستان تیزی سے بدل رہا ہے ، ہزار ہ میں ہونیوالی قتل وغارت کا 99فیصد خاتمہ ہو چکا ہے، یو تھ ایکسچینج پروگرام کے تحت ہمارے سوا چھے ہزار بچے پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،اب بلوچستان میں ہرجگہ سبز ہلالی پرچم لہرایا جا تا ہے ۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے صحافیوں کودورے کی دعوت بھی دی۔پروگرام کے آخرمیں معزز مہمان کو کلب کی جانب سے پھول اور یادگاری شیلڈپیش کی گئی۔