این ٹی سی مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس

ملک بھر کے تمام اضلاع میں سرکاری سبسکرائبرز کو 2019ء تک جدید ٹیلی کام سروسز فراہم کی جائیں،وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان ہری پور اور پاکپتن کے اضلاع میں آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں ، راولپنڈی، اوکاڑہ اور سرگودہا گیریژن کے علاقوں میں این ٹی سی نیٹ ورک کو توسیع دینے کی بھی منظوری

جمعرات 26 جنوری 2017 21:23

این ٹی سی مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان نے این ٹی سی کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں سرکاری سبسکرائبرز کو 2019ء تک جدید ٹیلی کام سروسز فراہم کی جائیں۔ وہ جمعرات کو یہاں این ٹی سی مینجمنٹ بورڈ کے 91 ویں اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ وفاقی سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر، سپیشل سیکرٹری (فنانس) ڈاکٹر شجاعت علی، ممبر ٹیلی کام، ممبر ایچ آر ڈی اور منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی وقار رشید خان بھی نے اجلاس میں شرکت کی۔

این ٹی سی بورڈ نے ہری پور اور پاکپتن کے اضلاع میں آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں اور راولپنڈی، اوکاڑہ اور سرگودہا گیریژن کے کنٹونمنٹ کے مختلف علاقوں میں این ٹی سی نیٹ ورک کو توسیع دینے کی بھی منظوری اجلاس میں بورڈ نے گذشتہ 6 ماہ کے دوران این ٹی سی کی جانب سے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی نے بورڈ کو بتایا کہ جن علاقوں میں این ٹی سی کا ٹیلی کام انفراسٹرکچر موجود نہیں وہاں ٹیلی فون اور براڈ بینڈ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

این ٹی سی پہلا آپریٹر ہے جس نے این ٹی سی ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کیلئے مشین ٹو مشین اور پوائنٹ ٹو پوائنٹ سلوشنز متعارف کرائے ہیں۔ اجلاس میں جدید ٹیلی فون سیٹس کا براہ راست مظاہرہ کیا گیا جن میں لینڈ لائن ٹرمینلز کے ذریعے ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ این ٹی سی سے کہا گیا کہ حکومتی اداروں کو ان جدید ٹیکنالوجیز سے آراستہ کیا جائے۔

اجلاس کے دوران این ٹی سی بورڈ نے ہری پور اور پاکپتن کے اضلاع میں آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ راولپنڈی، اوکاڑہ اور سرگودہا گیریژن کے کنٹونمنٹ کے مختلف علاقوں میں این ٹی سی نیٹ ورک کو توسیع دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ ایم ڈی این ٹی سی نے گذشتہ دو سہ ماہیوں کی کارکردگی سے بورڈ کو آگاہ کیا۔

وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ این ٹی سی مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کر رہی ہے اور اس سال اپنے سو فیصد اے ڈی پی منصوبے مکمل کرے گی جو کہ سرکاری شعبہ کے کسی ادارہ کا ریکارڈ ہو گا۔ اس موقع پر کے پی آئی کی کامیابی کو بھی سراہا گیا۔ بورڈ کے اجلاس میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ ایس پی ایل اے کے حالیہ معاہدہ کو بھی سراہا گیا۔ وزیر مملکت نے ایم ڈی این ٹی سی کی جانب سے ان اقدامات کی حوصلہ افزائی کی اور یقین دلایا کہ ملک کیلئے مفید ان منصوبوں کو عملی شکل دینے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔