پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے‘شہبازشریف

عوام دھرنا دینے والوں اور ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو مسترد کرچکے،صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں پہلے کی طرح آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے‘ رکن قومی اسمبلی رضاحیات ہراج سے گفتگو

جمعرات 26 جنوری 2017 21:10

پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اداروں نے بھی موجودہ حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن کے خلاف موجودہ حکومت کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے بلکہ وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی فلاح پر خرچ کیا ہے۔انہو ںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور اعلیٰ معیار میں اپنی مثال آپ ہیں۔

(جاری ہے)

ساڑھے تین برس کے دوران دیانت کے ساتھ کی گئی محنت رنگ لا رہی ہے۔

70 برس کی غلطیوں کی تلافی محنت اور عزم کے ساتھ کر رہے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ حکومت اور حصول اقتدار سیاستدان کی منزل نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ باشعور عوام دھرنا دینے والوں اور ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو مسترد کرچکے ہیں۔ پاکستان کے عوام ترقی دشمن سیاست سے متنفر اور بیزار ہو چکے ہیں اور صرف اور صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور پہلے کی طرح آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔