وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا ترسیلات زرکے لیے نادرا اور ماسٹر کارڈ سے معاہدہ کاسختی سے نوٹس، معاہدہ فوری معطل کرنے کا حکم

مذکورہ معاہدہ حکومت کی تحریری اجازت کے بغیر کیا گیا ،نہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی حساس نوعیت کے سیکیورٹی معاملات کو مدنظر رکھا گیا، نادرا سے جواب طلب

جمعرات 26 جنوری 2017 20:40

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا ترسیلات زرکے لیے نادرا اور  ماسٹر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کی جانب سے مالی ترسیلات کے لیے ماسٹر کارڈ سے کیے جانے والے معاہدے کاسختی سے نوٹس لے لیا ۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے معاہدے کی فوری طور پر معطلی کا حکم دیدیا ہے ۔

(جاری ہے)

مذکورہ معاہدہ حکومت کی تحریری اجازت حاصل کیے بغیر کیا گیا جس میں نہ تو اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی حساس نوعیت کے سیکیورٹی معاملات کو مدنظر رکھا گیا۔

وزیر داخلہ نے نادرا سے جواب طلبی کی کہ کسی غیر ملکی کمپنی کو نادرا ڈیٹا بیس تک کس حد تک اور کن قوانین کے تحت رسائی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی ترسیلات کے سلسلے میں ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے تاہم نیشنل ڈیٹا بیس کی سیکیورٹی پر نہ تو کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی ادارے کو اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کی اجازت دی جا سکتی ہے۔