انجینئرز صوبے کی ترقی کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت

جمعرات 26 جنوری 2017 20:26

انجینئرز صوبے کی ترقی کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کلیدی ..
کوئٹہ۔26جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہمارے انجینئرز صوبے کی ترقی کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ حکومت محکمہ مواصلات سمیت دیگر ترقیاتی محکموں کے انجینئرز کی تعیناتی وترقی کے حوالے سے درپیش مسائل کو قانون اور قواعد وضوابط کے اندر رہتے ہوئے حل کرے گی تاہم انجینئرز بھی ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ ان کے ثمرات جلد ازجلد عوام تک پہنچ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر قاضی رشید کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا عبدالواسع، صوبائی وزیر پی ایچ ای نواب ایاز خان جوگیزئی اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالمالک کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیراعلیٰ کو انجینئرز کی ترقی وتعیناتی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت انجینئرز کے مفاد کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ اس حوالے سے انہوں نے انجینئرز کے مؤقف کا قانون وقواعد ضوابط کے مطابق جائزہ لینے کے لئے سیکرٹری محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکرٹری محکمہ قانون، سیکرٹری خزانہ اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل کمیٹی قائم کی جو وزیراعلیٰ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وفد نے اس موقع پر اقتصادی راہداری میں شامل بلوچستان کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے وژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبے کے انجینئرز اس حوالے سے اپنی خدمات کی فراہمی کے لئے تیار ہیں۔ وفد نے محکمہ مواصلات میں انجینئرز کی نئی آسامیوں کی تخلیق پر وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :