وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خاں بھابھہ کی یو ایس ایڈ کے وفدسے ملاقات

ملاقات میں کسانوں کے لئے کولڈ سٹوریج کی تعمیر اور زرعی مشینری کی فراہمی بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 26 جنوری 2017 16:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خان بھابھہنے یو ایس ایڈ کے وفدسے ملاقات کی جس میں کولڈ سٹوریج کی تعمیر اور کاشتکاروں کو زرعی میشنری کی فراہمی بارے باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ امریکی امداد سے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے بارے کوششیں تیز کی جائیں گی۔

امریکی وفد نے وزیر زراعت کو بتایا کہ آم اور سٹرس کی پیداوار کے لئے کولڈ سٹوریج کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس کے ساتھ جدید زرعی تحقیق و تربیت کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔نعیم اختر خاں بھابھہ نے یو ایس ایڈ کے نمائندوں کو باور کرایا کہ آموں کی کوالٹی کو خراب ہونے سے بچانے اور اندرون و بیرون ملک ترسیل میں آسانی کے لئے ملتان ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج کی تعمیر ازحد ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں یو ایس ایڈ کا تعاون بھی درکار ہے۔یو ایس ایڈ کے نمائندگان نے وزیر زراعت کو یقین دلایا کہ ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج کی تعمیر میں پیش رفت جلد عمل میں لائی جائے گی۔وزیر زراعت نے یوایس ایڈ کے نمائندوں کو زرعی تحقیق کے شعبے میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ جدید زرعی تحقیق کی روشنی میں صوبہ پنجاب کی فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :