وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی برسلز میں یورپی یونین کے صدر انٹوینو تجانی سے ملاقات

یورپی یونین کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی

بدھ 25 جنوری 2017 23:35

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی برسلز میں یورپی یونین کے صدر انٹوینو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان سے بدھ کو برسلز میں یورپی یونین کے صدر انٹوینو تجانی نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے یورپی یونین کے حالیہ انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔ تجانی ایک اطالوی سیاستدان ہیں جو اس عہدے پر گذشتہ ہفتہ ہی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ اس سے قبل انڈسٹری اور انٹرپرینیور شپ کے یورپی کمشنر اور یورپی پارلیمنٹ کے 14 نائب صدور میں سے ایک تھے۔

وفاقی وزیر نے ان کے ساتھ پاکستان پر جی ایس پی پلس کے مثبت اثرات بارے تبادلہ خیال کیا کیونکہ اب دونوں اطراف کے مابین تجارت میں اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیکورٹی، اقتصادی اور سماجی شعبہ میں اصلاحات سے آنے والی مثبت تبدیلیوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری اور جمہوریت کے استحکام سے پاکستان میں اصلاحات لانے کی گنجائش پیدا ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں پاکستان میں ترقی 2016ء کے متعینہ اہداف سے بھی بڑھ گئی اور بین الاقوامی اداروں نے اب 2017ء میں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اضافہ کے حوالہ سے اپنے اہداف پر نظر ثانی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور انسانی حقوق خصوصاً بچوں، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں قانون سازی کرکے بہتری لائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اندورن ملک امن و سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب کئی یورپی کاروباری اداروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :