پیپلز پارٹی نے میٹرو بسز منصوبوں کو بدترین مالی اسکینڈل قرار دیدیا

تخت جاتی امرا نے میٹرو بس پر فی کلومیٹر 1530ملین روپے خرچ کئے جبکہ بھارت میں فی کلومیٹر 290روپے اور چین میں 450روپے لاگت آئی

بدھ 25 جنوری 2017 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2017ء) بلاول ہائوس میڈیا سیل نے نوازحکومت کی جانب سے عوام کی آنکھوں میں سرمہ ڈالنے کے لیے شروع کردہ میٹرو بسز منصوبوں کوبدترین مالی اسکینڈل قرار دے دیا ہے، جاری کردہ بیان میں بلاول ہا س میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی نے کہا کہ لاہور کے بعد ملتان میٹرو بس منصوبے کی تعمیرات میں بھی اربوں روپے کا غبن کیا گیا ہے، پڑوسی ممالک کے مقابلے میں پنجاب میں میٹرو بسز پر اربوں روپے زائد کی لاگت آئی ہے،سریندر ولاسائی نے کہا کہ تخت جاتی امرا نے میٹرو بس پر فی کلومیٹر 1530ملین روپے خرچ کیے جبکہ بھارت میں فی کلومیٹر 290روپے اور چین میں 450روپے لاگت آئی ہے، اس طرح ترکی میں میٹرو بس پر 1000ملین جبکہ پنجاب میں 1530ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں ، انچارج بلاول ہاس میڈیا سیل نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور ملتان کے 67کلومیٹرز پر 108ارب روپے لاگت آئی، بھارت نے 67کلومیٹر میٹروپر 20ارب روپے اور چین نے 30ارب خرچ کیے جبکہ ترکی نے 67ارب روپے کی لاگت سے اسی طرح کا میٹرو بس منصوبہ تعمیر کیا ،ترکی کی سب سے مہنگی تعمیرات سے بھی تخت جاتی امرا نے 31ارب روپے زائد خرچ کیے اسی طرح تخت رائیونڈ نے بھارت کے مقابلے میں 88اور چین کے مقابلے میں 78ارب زیادہ خرچ کیے۔